'نئی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا'، کنگنا نے 'ایمرجنسی' کی ملتوی کی تصدیق کردی

ویب ڈیسک  جمعـء 6 ستمبر 2024
فلم 'ایمرجنسی' نے 6 ستمبر کو ریلیز ہونا تھا : فوٹو : پوسٹر

فلم 'ایمرجنسی' نے 6 ستمبر کو ریلیز ہونا تھا : فوٹو : پوسٹر

 ممبئی: بالی ووڈ کی متنازع اداکارہ و سیاستدان کنگنا رناوت نے اپنی نئی فلم ‘ایمرجنسی’ کی ریلیز ملتوی ہونے کی تصدیق کردی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کنگنا رناوت نے بالآخر تصدیق کر دی ہے کہ ان کی فلم ‘ایمرجنسی’ کی ریلیز ملتوی کر دی گئی ہے، فلم نے آج 6 ستمبر کو سینما گھروں میں ریلیز ہونا تھا لیکن فلم کو ابھی تک سنٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفیکیشن (سی بی ایف سی) کی جانب سے سرٹیفیکیٹ نہیں ملا ہے۔

کنگنا رناوت نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جاری کی گئی پوسٹ میں کہا کہ میں نہایت ہی افسوس کے ساتھ اعلان کررہی ہوں کہ میری ہدایتکاری میں بننے والی فلم ‘ایمرجنسی’ کی ریلیز کو ملتوی کر دیا گیا ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ ہم ابھی تک سنسر بورڈ سے سرٹیفیکیٹ ملنے کا انتظار کر رہے ہیں، ریلیز کی نئی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: کنگنا کی فلم کی ریلیز کا سرٹیفیکیٹ، عدالت کا سنسر بورڈ کو ہدایت دینے سے انکار

واضح رہے کہ حال ہی میں کنگنا رناوت نے ممبئی ہائی کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے فلم ‘ایمرجنسی’ کی ریلیز اور سنسر بورڈ سے سرٹیفیکیٹ جاری کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

4 ستمبر کو ممبئی ہائی کورٹ میں فلم کے سرٹیفیکیٹ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی تھی لیکن ہائی کورٹ سے بھی کنگنا رناوت کی فلم کو ریلیف نہیں مل سکا تھا۔

یاد رہے کہ کنگنا رناوت نے فلم ‘ایمرجنسی’ میں سابق بھارتی وزیراعظم اندرا گاندھی کا کردار نبھایا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔