دباؤ نہیں ڈالیں، میری دو پسلیاں ٹوٹی ہوئی ہیں؛ سلمان کی فوٹوگرافرز سے درخواست

ویب ڈیسک  جمعـء 6 ستمبر 2024
سلمان خان گزشتہ 15 سال سے بگ باس کی میزبانی کررہے ہیں : فوٹو : فائل

سلمان خان گزشتہ 15 سال سے بگ باس کی میزبانی کررہے ہیں : فوٹو : فائل

 ممبئی: بالی ووڈ کے دبنگ اسٹار سلمان خان نے ٹوٹی ہوئی پسلیوں کے باوجود بھارتی ریئلیٹی شو ‘بگ باس’ کے سیزن 18 کی شوٹنگ کا آغاز کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان کو گزشتہ روز 5 ستمبر کو ‘بگ باس 18′ کے پرومو ویڈیو کی شوٹنگ کرتے ہوئے دیکھا گیا جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

وائرل ویڈیو میں سلمان خان پسلیوں کی چوٹ کی وجہ سے درد میں مبتلا نظر آئے جبکہ اداکار کھڑے ہونے میں بھی جدوجہد کرتے ہوئے نظر آئے، میگا اسٹار کے چہرے کے تاثرات سے واضح ہورہا تھا کہ وہ مکمل طور پر صحتیاب نہیں ہوئے ہیں اور اُن کی پسلیوں میں تکلیف ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان نے بگ باس کے پرومو کی شوٹنگ کے دوران فوٹوگرافرز سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ آپ محتاط رہیں، مجھ پر زیادہ دباؤ نہیں ڈالیں، میری دو پسلیاں ٹوٹی ہوئی ہیں۔

واضح رہے کہ سلمان خان گزشتہ 15 سال سے بگ باس کی میزبانی کررہے ہیں، اس ریئلیٹی شو کے نئے سیزن کا پریمیئر آنے والے ہفتوں میں متوقع ہے۔

بگ باس 18 کے علاوہ، سلمان خان اپنی اگلی فلم ‘سکندر’ کی شوٹنگ میں بھی مصروف ہیں جس کے ہدایتکار اے آر مروگداس جبکہ پروڈیوسر ساجد ناڈیاڈوالا ہیں۔

اس کے علاوہ، بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان اور کمل ہاسن ہدایتکار ایٹلی کی اگلی فلم میں بھی ایکشن میں نظر آئیں گے جس کی شوٹنگ کا آغاز جنوری 2025 سے ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔