بھارتی مسافر بردار جہاز کی بم کی اطلاع پر ترکیہ میں ہنگامی لینڈنگ

ویب ڈیسک  ہفتہ 7 ستمبر 2024
جہاز نے ایمرجنسی لینڈنگ کی—فوٹو: ترک میڈیا

جہاز نے ایمرجنسی لینڈنگ کی—فوٹو: ترک میڈیا

استنبول: بھارت کے مسافر  بردار جہاز نے دوران پرواز بم کی اطلاع پر ترکیہ میں ہنگامی لینڈنگ کی اور عملے کے ارکان سمیت سیکڑوں مسافروں کو جہاز سے اتار لیا گیا۔

خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ترکیہ کے وزیرداخلہ علی یرلیکایا نے سوشل میڈیا پر بیان میں بتایا کہ بھارتی فضائی کمپنی انڈین ویسٹارا ایئرلئنز کی پرواز کو جمعے کو سہ پہر ساڑھے 4 بجے ترکیہ کے مشرقی علاقے ایرزوروم میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی کیونکہ جہاز میں ایک پیپر پر ‘بم آن بورڈ’ کی تحریر مل گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے دو ماہرین اور ایک تلاشی لینے والے کتے نے جہاز کا جائزہ لیا، جس میں 234 مسافر اور عملے کے 13 ارکان سوار تھے تاہم انہیں بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔

بھارتی جہاز کمپنی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ویسٹارا یوکے 27 پرواز ممبئی سے فرینکفرٹ جا رہی تھی لیکن سیکیورٹی خدشات کے باعث ایرزورم میں اتار لیا گیا اور اس کی نشان دہی عملے کے ایک رکن نے کی تھی۔

ترجمان نے بتایا کہ پروٹوکول کے مطابق متعلقہ حکام کو الرٹ کیا گیا اور ہم سیکیورٹی اداروں کے مکمل تعاون کر رہے ہیں تاکہ درکار سیکیورٹی جائزہ لیا جائے۔

ترکی کے وزیرٹرانسپورٹ اورال اوغلو نے ایکس پر بیان میں کہا کہ ایرزوروم ایئر پورٹ پر جہازوں کی آمد و رفت ہنگامی صورت حال کی وجہ سے مقامی وقت کے مطابق رات 9 بجے تک روک دی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔