خیبرپختونخوا یونیورسٹیز کے وی سیز کی تعیناتی کا عمل دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کالعدم

ویب ڈیسک  ہفتہ 7 ستمبر 2024
اکیڈمک سرچ کمیٹی کی سفارشات وزیراعلی کو منظوری کے لئے ارسال کرنے کا حکم

اکیڈمک سرچ کمیٹی کی سفارشات وزیراعلی کو منظوری کے لئے ارسال کرنے کا حکم

پشاور ہائیکورٹ نے خیبرپختونخوا یونیورسٹیز کے وی سیز کا تعیناتی کا عمل دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کالعدم کردیا۔

ہائیکورٹ نے خیبرپختونخوا یونیورسٹیز کے وائس چانسلر کی تعیناتی کا پراسس دوبارہ کرنے کے خلاف دائر کیس کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔

عدالت نے وائس چانسلر کی تعیناتی پراسس دوبارہ کرنے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے تحریری فیصلے میں کہا کہ صوبے کی 24 جامعات مستقل وائس چانسلرز کے بغیر چل رہی ہیں، صوبائی حکومت اکیڈمک سرچ کمیٹی کی سفارشات وزیراعلی کو منظوری کے لئے ارسال کرے۔

منتخب حکومت نے 2022 میں یونیورسٹیز میں وائس چانسلرز کی تعیناتی کے لئے پراسس شروع کیا تھا، نگران حکومت کے غیرپیشہ ورانہ رویے کی وجہ سے وائس چانسلرز کے امیدواروں کے انٹرویوز ملتوی ہوئے۔

سرچ کمیٹی نے 23 سے 26 جنوری 2024 تک وائس چانسلرز کے لئے اہل امیدواروں کے انٹرویوز کئے، نگران وزیراعلی نے ناموں کی سمری کی منظوری دی، الیکشن کے بعد منتخب حکومت کی کابینہ نے تمام کارروائی کو ضائع کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔