وزیراعظم نے ملک بھر میں انسداد پولیو کی خصوصی مہم کا آغاز کر دیا

ویب ڈیسک  اتوار 8 ستمبر 2024
وزیراعظم شہباز شریف بچے کو پولیو ویکسین پلاکر ملک گیر انسدادپولیو مہم کا آغاز کررہے ہیں( فوٹو: ایکسپریس نیوز)

وزیراعظم شہباز شریف بچے کو پولیو ویکسین پلاکر ملک گیر انسدادپولیو مہم کا آغاز کررہے ہیں( فوٹو: ایکسپریس نیوز)

  اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف  نے کہا ہے کہ پاکستان سے پولیو جیسے موذی مرض کے خاتمے کیلیے حکومت کے ساتھ تعاون کرنے والے شراکت داروں اور دوست بین الاقوامی تنظیموں کے شکرگزار ہیں۔ 

وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر سے  پولیو کے مکمل خاتمے کیلیے خصوصی پولیو مہم کا آغاز کیا جس کےد وران  ملک بھر کے 115 اضلاع میں پانچ سال سے کم عمر 3 کروڑ بچوں کو اس موذی مرض سے بچاؤ کی ویکسین دی جائے گی۔

9 سے 15 ستمبر تک جاری رہنے والی اس خصوصی مہم کے تحت 2 لاکھ 86 ہزار پولیو ورکرز گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گے.

وزیرِ اعظم نے انسداد  پولیو کی خصوصی مہم کا آغاز کرتے ہوئے بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے اور بعدازاں اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان سے پولیو جیسے موذی مرض کے خاتمے کیلیے حکومت کے ساتھ تعاون کرنے والے شراکت داروں اور دوست بین الاقوامی تنظیموں کے شکرگزار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پر امید ہوں کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں اور شراکت داروں کے ساتھ مل کر پولیو کے ملک سے مکمل خاتمے میں کامیاب ہو جائے گی، انشاء اللہ پولیو کے پاکستان سے مکمل خاتمے کیلیے ہماری کوششیں ضرور رنگ لائیں گی.

شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی و صوبائی عہدیداران، پولیو ورکرز، سیکیورٹی اہلکار، سب کی انسداد پولیو کیلیےکوششوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے والدین سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو تمام عمر کی معذوری سے بچانے کیلیے پولیو ویکسین کے قطرے ضرور پلوائیں اور اپنے بچوں کے محفوظ مستقبل کیلیے انسداد پولیو کی ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں۔

تقریب میں وزیرِ اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر مختار بھرتھ، انسدادِ پولیو کیلیے وزیرِ اعظم کی نمائندہِ خصوصی عائشہ رضا فاروق، ورلڈ ہیلتھ آرگنائیزیشن، یونی سیف، گیٹس فاؤنڈیشن اور اقوام متحدہ کے نمائندوں کے ساتھ ساتھ متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی.

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔