عارف علوی نے جلسے سے متعلق غلط تصویر شیئر کرنے پر معذرت کرلی

ویب ڈیسک  اتوار 8 ستمبر 2024
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ سوشل میڈیا اتنا بڑا ہے کہ اس کو کنٹرول کرنا ممکن نہیں ہے—فوٹو: فائل

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ سوشل میڈیا اتنا بڑا ہے کہ اس کو کنٹرول کرنا ممکن نہیں ہے—فوٹو: فائل

  اسلام آباد: سابق صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اسلام آباد جلسے کی غلط تصویر شیئر کرنے پر معذرت کرلی۔

پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے ایکس پر معذرت کی اور بیان میں کہا کہ حقائق کی جانچ پڑتال کے بعد میں نے دو پوسٹس حذف کر دی ہیں کیونکہ وہ پچھلے موقع کی تصاویر تھیں۔

انہوں نے کہا کہ میں غلطی کے لیے معذرت خواہ ہوں، سوشل میڈیا اتنا بڑا ہے کہ اسے قابو یا مکمل بند کرناممکن نہیں، صرف غلطی کی اصلاح ہی اس جن کو قابو کر سکتی ہے۔

قبل ازیں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما اور پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے غلط تصویر شیئر کرنے پر تنقید کرتے ہوئے اس غلطی کی نشان دہی کی تھی۔

عظمیٰ بخاری نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما جلسے سے متعلق حسب معمول فیک ویڈیوز اور تصویریں شیئر کر رہے ہیں، لوگوں کی تعداد کو بڑھا چڑھا کر پیش کر رہے ہیں جبکہ حقیقت میں ان کو جلسے کے لیے لوگ نہیں مل رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سابق صدر عارف علوی نے جنید اکبر کے نام سے 14اگست کی ویڈیو شیئر کی جو کشمیر کی ہے، عارف علوی جیسے شخص کو بھی نمبر ٹانگنے کے لیے پرانی ویڈیو شیئر کرنی پڑ رہی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔