افغان طالبان کی بلااشتعال جارحیت، پاک فوج کی جوابی کارروائی، 8 طالبان ہلاک اور 16 زخمی

خالد محمود  اتوار 8 ستمبر 2024
پاک-افغان سرحد پر افغانستان کی طرف سے بلااشتعال فائرنگ کی گئی—فوٹو: فائل

پاک-افغان سرحد پر افغانستان کی طرف سے بلااشتعال فائرنگ کی گئی—فوٹو: فائل

 اسلام آباد/ پشاور: پاک-افغان سرحد پر افغان طالبان کی جانب سے بلااشتعال جارحیت پر پاک فوج کی جانب سے بھرپور جواب دیا گیا اور فائرنگ کے تبادلے میں اہم طالبان کمانڈروں سمیت 8 اہلکار ہلاک ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق افغان طالبان کی جانب سے ایک بار پھر پاک-افغان سرحد پر بِلا اشتعال جارحیت کی گئی اور افغان طالبان کی جانب سے پاکستان پر دہشت گردی کے حملوں میں سہولت کاری کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے، دہشت گردی کے حملوں کے ساتھ ساتھ اب افغان طالبان کی بین الاقوامی سرحد پر جارحیت کھل کر سامنے آرہی ہے۔

ذرائع کے مطابق  7 ستمبر کی صبح سے افغان طالبان کی جانب سے پاک-افغان سرحد سے متصل افغان علاقے پلوسین سے پاکستانی چیک پوسٹوں پر بھاری ہتھیاروں سے بلا اشتعال فائرنگ کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان آرمی کی جانب سے افغان سائیڈ سے کی گئی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا گیا، جس کے نتیجے میں افغان طالبان کے بھاری نقصان کی اطلاعات  ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ اطلاعات ہیں کہ 8 افغان طالبان ہلاک اور 16  زخمی ہو گئے، ہلاک ہونے والوں میں دو اہم کمانڈرز خلیل اور جان محمد بھی شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔