تحریک انصاف بیرسٹر سیف کے بیان کی وضاحت کرے، ترجمان جے یو آئی

ویب ڈیسک  اتوار 8 ستمبر 2024
(فوٹو: فائل)

(فوٹو: فائل)

 لاہور: ترجمان جے یو آئی اسلم غوری کا پی ٹی آئی رہنماء بیرسٹر سیف کے بیان پر رد عمل سامنے آگیا۔

ترجمان جے یو آئی اسلم غوری نے کہا کہ بیرسٹر سیف کا بیان پست ذہنیت کی نشانی ہے، تحریک انصاف بیرسٹر سیف کے بیان کی وضاحت کرے، تحریک انصاف کو ایسے بد زبان لوگوں کو کنٹرول کرنا ہوگا۔

اسلم غوری نے کہا کہ بیرسٹر سیف پرویز مشرف کی آمریت کی نشانی ہے، جے یو آئی اپنی تحریک اپنے زور بازو سے چلا رہی ہے، مینار پاکستان کی تاریخ ساز عوامی اسمبلی نے بیرسٹر سیف اور اسکے آقاؤں کے پاؤں تلے سے زمین سرکا دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جے یو آئی اپنا بیانیہ رکھتی ہے اور میدان میں موجود ہے، تحریک انصاف اور جے یو آئی کو آگے بڑھنے سے قبل ایسے عناصر کا خاتمہ ضروری ہے۔

خیال رہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے ترجمان بیرسٹر سیف نے گزشتہ روز نجی ٹی وی پر گفتگو میں کہا تھا کہ تاریخی لحاظ سے دیکھا جائے تو مولانا فضل الرحمان کسی کے ساتھ نہیں اپنے ساتھ ہوتے ہیں، یہ وہیں کھڑے ہوں گے جہاں اپنا فائدہ نظر آتا ہے۔

بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا بھائی سینیٹر بنے گا جبکہ داماد یا سمدھی گورنر بنے گا، جے یو آئی سربراہ نے اب اس نظام کو ہی قبول کرلیا ہے، وہ اپنے خاندان سے باہر سیاست کو دیکھتے ہی نہیں ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ مولانا کی ہمیں نہ کل ضرورت تھی نہ آج ہے۔ سربراہ جے یو آئی نے ذاتی مفاد کیلئے اپنا موقف تبدیل کیا، الیکشن کمیشن اور 8 فروری الیکشن پر مولانا کے اعتراض پر ہم ساتھ تھے، اگر اب یہ اپنی سوچ بدل چکے اور مفاد حکومت کے ساتھ ہونے میں نظر آرہا ہے تو انہیں مبارک ہو۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی تحریک اس حد تک ہے کہ خیبر پختونخوا سے تو خاتمہ ہوچکا ہے، کے پی میں مولانا فضل الرحمان کی اتنی سیٹیں ہیں کہ ساری اپوزیشن کو ملا کر بھی اسمبلی اجلاس نہیں بلاسکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ مولانا کی کے پی کی گورنری اور سینیٹ کی دو سیٹوں پر نظر ہے تو شہباز شریف اور آصف زرداری دے دیں گے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔