کراچی؛ گھر سے 2 بچوں کی ماں کی تشدد زدہ لاش برآمد، شوہر زیر حراست

اسٹاف رپورٹر  پير 9 ستمبر 2024
(فوٹو: فائل)

(فوٹو: فائل)

  کراچی: لانڈھی شیرپاؤ کالونی میں گھر سے 2 بچوں کی ماں کی تشدد زدہ لاش ملی ہے، پولیس نے خاتون کے شوہر کو حراست میں لے کر واقعے کی تفتیش شروع کر دی۔

تفصیلات کے مطابق قائد آباد تھانے کے علاقے لانڈھی شیرپاؤ کالونی اقصیٰ مسجد کے قریب گھر سے خاتون کی تشدد زدہ لاش ملی ہے، اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور خاتون کی لاش کو تحویل میں لینے کے بعد قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا۔

خاتون کی شناخت 26 سالہ فاطمہ زوجہ نعمان کے نام سے کی گئی، خاتون 2 بچوں کی ماں تھی جس کا آبائی تعلق صوابی سے تھا۔

ایس ایچ او قائد آباد غلام حسین پیر زادہ نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع  پولیس کو پڑوسیوں کی جانب سے دی گئی، پولیس جب موقع پر پہنچی تو خاتون کی لاش سوزوکی میں رکھی ہوئی تھی اور خاتون کے شوہر کا کہنا تھا کہ خاتون کی لاش اسپتال لے کر جا رہے تھے۔

انھوں نے بتایا کہ مقتولہ خاتون کے چہرے اور گردن پر چوٹ کے نشانات واضح ہیں، گردن پر موجود نشانات سے اندازہ ہوتا ہے کہ خاتون کے گلے میں پھندا لگا ہوا تھا۔ پولیس نے فوری طور پر خاتون کے شوہر نعمان کو حراست میں لیکر تھانے منتقل کر دیا ہے۔

شوہر نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ اس نے اپنی بیوی کو طلاق دے دی تھی تاہم دو تولہ سونا حق مہر ادا نہ کرنے پر اتوار کو بیوی سے جھگڑا ہوا تھا اور اسی وجہ سے اس کی بیوی نے خود کشی کرلی ہے۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ خاتون کا شوہر فیکٹری میں ملازمت کرتا ہے، خاتون کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کی ہے اور پوسٹ مارٹم رپورٹ میں ہی وجہ موت کا تعین ہوسکے گا تاہم اس حوالے سے پولیس اپنی تفتیش کر رہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔