کراچی سپرہائی وے سبزی منڈی پر نالے میں گیس بھرنے سے دھماکا

ویب ڈیسک  پير 9 ستمبر 2024

کراچی سپرہائی وے سبزی منڈی میں نالے میں گیس بھرجانے کے سبب دھماکا ہوگیا جس سے گاڑی اور بائیکس کو نقصان پہنچا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سائٹ سپر ہائی وے تھانے سپرہائی وے نیو سبزی منڈی میں واقع نجی بینک سے متصل سیوریج نالہ زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی، دھماکے کے باعث قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے دھماکا ہوتے ہی ہر طرف افراتفری پھیل گئی۔

KARACHI BLAST

دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، رینجرز اور ریسکیو ادارے موقع پر پہنچ گئے، دھماکےکے نتیجے میں نجی بینک کے باہر کھڑا سیکیورٹی گارڈ معمولی زخمی ہوا جسے فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

دھماکے کے نتیجے میں بینک کے باہر کھڑی متعدد موٹر سائیکلوں اور ایک گاڑی کو شدید نقصان پہنچا،دھماکے کی اطلاع پر پولیس نے فوری کرائم سین یونٹ اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کرلیا۔

ڈی ایس پی سہراب گوٹھ چوہدری سہیل فیض اور ایس ایچ او سائٹ سپر ہائی وے شہزاد الیاس کے مطابق سیوریج نالے میں دھماکا ممکنہ طور پر گیس بھرجانے کے باعث ہوا، دھماکے میں کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے اس حوالے سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب سیوریج نالے میں دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی، دھماکا سبزی منڈی میں واقع نجی بینک کے نیچے سے گزرنے والے نالے میں ہوا، دھماکا ہوتے ہی نالے پر بنا فرش اکھڑ گیا، موٹر سائیکل ہوا میں اڑ کر گاڑی کے اوپر جاگری، بینک کے باہر تعینات سیکیورٹی گارڈ اور سڑک سے گزرنے والے راہ گیر بال بال بچ گئے، دھماکا ہوتے ہی گردو غبار اٹھتا دیکھا جا سکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔