علی امین گنڈا پور کو بٹھا کر سمجھاؤں گا سیاست مولا جٹ کے نعروں سے نہیں چلتی، گورنر پنجاب

ویب ڈیسک  پير 9 ستمبر 2024
علی امین گنڈا پور غیر ذمہ دارانہ رویے سے اجتناب کریں، گورنر پنجاب:فوٹو:فائل

علی امین گنڈا پور غیر ذمہ دارانہ رویے سے اجتناب کریں، گورنر پنجاب:فوٹو:فائل

 راولپنڈی: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلی علی امین گنڈا پور کے لیے گورنر ہاؤس کے دروازے کھلے ہیں۔

پنجاب کے گورنر سردار سلیم حیدر نے راولپنڈی میں تقریب سے خطاب میں کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کی سیاست انتشار کی سیاست ہے۔ وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور کے لیے گورنر ہاؤس کے دروازے کھلے ہیں۔ ان کو پاس بٹھا کر سمجھاؤں گا کہ بدامنی نہ پھیلائیں۔ سیاست مولا جٹ کے نعروں سے نہیں چل سکتی۔علی امین گنڈا پور غیرذمہ دارانہ رویے سے اجتناب کریں۔ پی ٹی آئی کو اب بڑا ہونا پڑے گا۔

گورنر پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ مدرسہ تعلیم القرآن راولپنڈی قیام پاکستان سے قبل سے دین کی خدمت میں مصروف عمل ہے۔ تمام فرقوں کی موجودگی اور بیرونی دنیا کی سازشوں کے ہوتے ہوئے علماء کرام کی ذمہ داریاں بڑھ جاتی ہیں۔ پاکستان واحد ملک ہے جو اللہ اور اس کے رسول کے نام پر بنا ہے۔ ملک میں امن و امان کے لئیے علماء کا کردار انتہائی اہم ہے۔ ہم سب کو مل کر دشمنوں کی سازش کو ناکام بنانا ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔