نیدرلینڈز کی عدالت نے حافظ سعد رضوی اور مولانا اشرف جلالی کو سزا سنا دی

ویب ڈیسک  منگل 10 ستمبر 2024
(فوٹو: انٹرنیٹ)

(فوٹو: انٹرنیٹ)

ایمسٹرڈیم: نیدرلینڈز کی عدالت نے اسلام مخالف ڈچ سیاست دان گیرٹ وائلڈرز کے قتل کا فتویٰ جاری کرنے پر حافظ سعد رضوی اور مولانا اشرف جلالی کو سزا سنا دی۔

عدالت کے فیصلے کے مطابق تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ حافظ سعد رضوی کو 4 سال اور تحریک لبیک یا رسول اللہ کے قائد مولانا اشرف جلالی کو 14 سال کی سزا سنائی گئی ہے۔

عدالت گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کا اعلان کرنے والے اسلام مخالف ڈچ سیاست دان گیرٹ وائلڈرز کے قتل کے اکسانے پر پاکستان کے سابق کرکٹر خالد لطیف کو بھی 12 سال کی سزا سنا چکی ہے۔

خالد لطیف نے 2018 میں اپنی ایک ویڈیو میں گیرٹ وائلڈرز کے قتل کرنے والے کو 23 ہزار ڈالر انعامی رقم دینے کا اعلان کیا تھا۔

عدالت نے ان تینوں پاکستانیوں پر ان کی غیر موجودگی میں مقدمہ چلایا اور سزا سنائی۔

ڈچ حکومت نے پارلیمنٹ کو آگاہ کیا تھا کہ تینوں پاکستانیوں کی حوالگی کے حوالے سے پاکستان سے درخواست کی گئیں مگر کوئی جواب نہیں آیا۔

واضح رہے کہ نیدرلینڈز اور پاکستان کے درمیان قانونی معاونت اور مطلوب ملزمان کی حوالگی کا کوئی معاہدہ نہیں ہے۔

ڈچ سیاست دان گیرٹ وائلڈرز نے 2018 میں گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کا اعلان کیا تھا، جس پر عالمی سطح پر مسلمانوں نے شدید احتجاج کیا تھا، جس کے بعد گیرٹ نے مقابلہ منسوخ کر دیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔