بجلی و پانی بندش پر احتجاج؛ کراچی میں ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر

ویب ڈیسک  منگل 10 ستمبر 2024
طلباء و دفاتر جانے والے افراد کو شدید مشکلات کا سامنا (فوٹو: عدیل طیب)

طلباء و دفاتر جانے والے افراد کو شدید مشکلات کا سامنا (فوٹو: عدیل طیب)

بجلی اور پانی کی مسلسل بندش کے باعث کراچی کے کئی علاقوں میں احتجاج کے باعث ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مائی کولاچی روڈ، تین اور دو تلوار کو جانے والی سڑکیں، شاہراہ فیصل، کورنگی روڈ سمیت اہم شاہراہیں ٹریفک کے دباؤ کی وجہ سے شدید متاثر ہیں۔

ہیوی ٹریفک اور کنٹینرز کی وجہ سے سڑکوں پر شدید ٹریفک جام ہے جبکہ دفتر جانے والے والوں کو شدید مشکلات پیش آرہی ہیں۔

قبل ازیں پیر کے روز پانی اور بجلی بندش کیخلاف خواتین اور بچوں سمیت بڑی تعداد میں رہائشیوں نے ماڑی پور مین بازار کے سامنے ہاکس بے روڈ پر احتجاجی دھرنا دیا تھا اور ٹریفک بلاک کردی تھی۔

10 گھنٹے تک جاری رہنے والے احتجاج کے باعث کئی علاقوں میں ٹریفک جام ہے جبکہ گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

دوسری جانب پانی اور بجلی بندش کیخلاف آئی آئی چندریگر روڈ اور شاہین کمپلیکس کے قریب ریلوے کالونی پر بھی احتجاج کیا جارہا ہے جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔