24 گھنٹوں میں کروڑوں کی منشیات برآمد، افغان باشندے سمیت 5 ملزمان گرفتار

ویب ڈیسک  منگل 10 ستمبر 2024
(فوٹو: فائل)

(فوٹو: فائل)

 راولپنڈی: اے این ایف نے 24 گھنٹوں کے دوران کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کرکے افغان باشندے سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس کے ملک بھر میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف آپریشنز جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 کارروائیوں میں 18 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 76.9 کلو منشیات برآمد کرکے افغان باشندے سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ایک کارروائی کے دوران راولپنڈی میں واقع نجی یونیورسٹی کے قریب ملزم سے ایک کلو 200 گرام چرس برآمد کرلی گئی۔ اسی طرح کوئٹہ میں بھی ایک بڑے سرکاری تعلیمی ادارے کے قریب موٹرسائیکل سوار ملزم سے 20 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔ گرفتار ملزمان نے تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

علاوہ ازیں پاک افغان سرحد طورخم کے قریب افغان باشندے سے نشہ آور گولیوں میں استعمال ہونے والا 8 کلوگرام پاؤڈر برآمد کرلیا گیا۔

دوسری جانب جامشورو ٹول پلازہ کے قریب گاڑی سے 10 کلو 700 گرام ہیروئن برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ اُدھر لورالائی کے غیرآباد علاقے میں اسمگلنگ کے لیے چھپائی گئی 30 کلوگرام سے زائد ہیروئن برآمدکرلی گئی۔

تمام کارروائیوں میں گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔