پشاور؛ علی گنڈاپور نے پارٹی رہنماؤں کو اسلام آباد کی طویل میٹنگ کا احوال بتادیا

ویب ڈیسک  منگل 10 ستمبر 2024
(فوٹو : فائل)

(فوٹو : فائل)

 پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے پارٹی رہنماؤں کو اسلام آباد میں ہونے والی طویل میٹنگ کا احوال بتا دیا۔

یہ بھی پڑھیں: پولیس پارلیمنٹ ہاؤسں میں داخل، پی ٹی آئی کے متعدد رہنما گرفتار

گزشتہ روز کئی گھنٹے تک لاپتا رہنے والے وزیراعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈاپور پشاور پہنچ گئے، اس دوران صوبائی مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے علی گنڈا پور کی گمشدگی کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سے دوپہر کے بعد سے کئی گھنٹے گزر جانے کے باوجود کوئی رابطہ نہیں ہوا اور اُن کے تمام نمبرز بند مل رہے ہیں۔

یہ خبر بھی پڑھیں: علی امین گنڈاپور کئی گھنٹے کی گمشدگی کے بعد سامنے آگئے، پشاور میں موجود

بیرسٹر سیف نے کہا تھا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور پشاور میں نہیں، اسلام آباد میں ہیں تاہم وہ کہاں ہیں اس بارے میں کچھ معلوم نہیں ہوسکا جب کہ ہم اُن سے رابطے کی مسلسل کوششیں کررہے ہیں، علی امین گنڈاپورکوگرفتار کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

مزید پڑھیں: مشیر اطلاعات کا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا گنڈا پور کی گمشدگی کا دعوی

پختونخوا کے سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور پشاور پہنچ چکے ہیں۔ قبل ازیں ان کی اسلام آباد میں سرکاری حکام کے ساتھ طویل میٹنگ ہوئی، جس میں صوبے کی امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پارٹی ذرائع کے مطابق میٹنگ جس مقام پر تھی، وہاں جیمرز لگنے سے موبائل سروس کام نہیں کررہی تھی، جس کی وجہ سے علی گنڈاپور سے رابطے نہیں ہو سکے۔ بعد ازاں پشاور آمد پر وزیراعلیٰ نے پی ٹی آئی رہنماؤں سے بھی زوم ایپ پر میٹنگ کی اور انہیں میٹنگ کا احوال بتایا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹرگوہر، شیر افضل مروت اور شعیب شاہین گرفتار

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے پارٹی اراکین کو دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاریوں سے آگاہ کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔