لاہور ہائیکورٹ نے چئیرمین نادرا کو ہٹانے کا فیصلہ معطل کردیا، عہدے پر بحال

کورٹ رپورٹر  منگل 10 ستمبر 2024
(فوٹو : فائل)

(فوٹو : فائل)

 لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے چئیرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر کی تقرری کو کالعدم قرار دینے کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے انہیں عہدے پر بحال کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل منیر افسر کو عہدے سے ہٹانے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت ہوئی۔سماعت جسٹس چودھری محمد اقبال پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی۔

جسٹس چودھری اقبال نے پوچھا کہ درخواست میں کونسا نوٹی فکیشن چیلنج ہوا تھا؟

سرکاری وکیل نے بتایا کہ درخواست میں نگران حکومت کا چئیرمین نادرا کی تقرری کا نوٹی فکیشن چیلینج ہوا تھا، درخواست گزار کی درخواست صرف نگران حکومت کے نوٹی فکیشن کی حد تک محدود رہی، درخواست گزار نے کبھی بھی نئے رول کو چیلنج نہیں کیا۔

درخواست گزار نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عاصم حفیظ پر مشتمل ایک رکنی بینچ نے چیئرمین نادرا کی تعیناتی کو کالعدم قرار دیا تھا، عدالت چیئرمین نادرا کو عہدے سے ہٹانے کا سنگل بینچ کا فیصلہ کلعدم قرار دے۔

لاہور ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے سنگل بینچ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے چیئرمین نادرا کو ان کے عہدے پر بحال کردیا۔

یہ بھی پڑھیں : لاہور ہائیکورٹ کا چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل منیر افسر کو ہٹانے کا حکم

 

واضح رہے کہ شہری اشبا کامران نے چیئرمین نادرا منیر افسر کی تقرری کو چیلنج کیا تھا اور موقف اپنایا تھا کہ نگراں حکومت نے نادرا قانون میں ترامیم کرکے حاضر سروس آرمی افسر کو تقرر کرنے کی منظوری دی، نگراں حکومت مستقل پالیسی معاملات میں مداخلت نہیں کرسکتی، عدالت نادرا ترمیمی رولز کو کالعدم قرار دے اور حاضر سروس فوجی افسر کو بطور چیئرمین نادرا تقرری کالعدم قرار دے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔