کراچی؛ ڈکیت گینگ کا سرغنہ ساتھیوں سمیت گرفتار، پولیس یونیفارم و اسلحہ برآمد

اسٹاف رپورٹر  منگل 10 ستمبر 2024
(فوٹو: فائل)

(فوٹو: فائل)

 کراچی: پولیس نے الگ الگ کارروائیوں میں ڈکیت گینگ کے سرغنہ کو اس کے ساتھیوں سمیت گرفتار کرکے پولیس یونیفارم، اسلحہ اور دیگر مسروقہ سامان برآمد کرلیا۔

اقبال مارکیٹ پولیس نے حوا گوٹھ اورراجا تنویرکالونی میں2مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے ڈکیت گینگ کے سرغنہ کواس کے 4 ساتھیوں سمیت گرفتارکرکے ان کے قبضے سے 4 پسٹلز، وارداتوں میں استعمال ہونے والی پولیس یونیفارم، چھینے گئے6موبائل فونزاورنقدی برآمدکرلی۔

ڈکیت گینگ کا سرغنہ جمعہ خان عرف خان آغا ولد ابراہیم اپنے 4 ساتھیوں اولس میرعرف طورولد نورمحمد، عطا اللہ ولد عبدالکریم،عبدالولی ولد منیرخان اور عطا اللہ ولد گل خان سمیت پولیس کے گھیرے میں آ گیا۔ اس حوالے سے ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی نے کہا ہے کہ گرفتار ملزمان کا گینگ کسی بھی واردات سے قبل ٹارگٹڈ گھر کی مکمل ریکی کرکے رات کے وقت دیوار پھلانگ کر داخل ہونے کے بعد موجودہ افراد کو اسلحہ کے زور پر یرغمال بناکر واردات کرتا تھا۔

گرفتارملزمان واردات کے دوران پولیس یونیفارم کا استعمال کرتے تھے اور خود کو بطور پولیس اہلکار،اسپیشل والےتعارف کرواتے تھے۔ گرفتارملزمان نے دوران تفتیش 5 ستمبرکوراجا تنویر کالونی میں رضا خان نامی شہری کے گھرمیں ڈکیتی کی واردات کی تھی۔ اس کے علاوہ اسی روز اسی کالونی میں دولت خان نامی شہری کے گھرمیں بھی ڈکیتی کی تھی اور یہ دونوں وارداتیں پولیس یونیفارم پہن کر کی گئیں۔

ملزمان نے تفتیش کے دوران اورنگی ٹاؤن، بلدیہ اور منگھوپیر کے مختلف علاقوں میں اسٹریٹ کرائم،راہگیر شہریوں کو لوٹنے کی متعدد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔