پاکستان میں تیار کردہ 25 زبانوں کو سمجھنے اور جواب دینے والا چیٹ بوٹ روبوٹ

کاشف حسین  منگل 10 ستمبر 2024
چیٹ بوٹ بنانے والے طلبا کا گروپ

چیٹ بوٹ بنانے والے طلبا کا گروپ

  کراچی: دفاعی ہتھیاروں کی نمائش میں پاکستان میں تیار کردہ روبوٹس مندوبین کی رہنمائی کریں گے، نور پاکستان چیٹ بوٹ 25زبانوں کو سمجھنے اور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق رواں سال نومبر میں ہونے والی دفاعی ہتھیاروں کی نمائش میں پاکستانی انجینئرنگ جامعات کے تیار کردہ روبوٹس غیرملکی مندوبین کی رہنمائی اور معاونت انجام دیں گے۔

مصنوعی ذہانت سے لیس چیٹ بوٹس پراجیکٹ داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی اور ضیاء الدین یونیورسٹی کا مشترکہ پراجیکٹ ہے جسے ”نور پاکستان“ کا نام دیا گیا ہے۔

پاکستان کے بڑے اور قومی ایونٹس میں مندوبین کی رہنمائی کے لیے تیار کیے جانے والے روبوٹ نور پاکستان کے پراجیکٹ کی قیادت داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ کی وائس چانسلر ڈاکٹر پروفیسر ثمرین کررہی ہیں جبکہ چیٹ بوٹ تیار کرنے والی ٹیم کی رہنمائی ضیاء الدین یونیورسٹی کے شعبہ کمپیوٹر سائنس اینڈ سافٹ ویئر انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ ڈاکٹر شیخ محمد نافع کررہے ہیں۔ طلباء کی ٹیم میں شریف خان، زوہا، محمد سعید اور دیگر شامل ہیں۔

ڈاکٹر شیخ محمد نافع نے پراجیکٹ کے بارے میں بتایا کہ اس پراجیکٹ کا مقصد ایک ایسا بوٹ بنانا ہے جو کسی بڑے ایونٹ کے بارے میں خود جوابات تخلیق کرے اس بوٹ کا پہلی مرتبہ آئی ای ای ای پی نمائش میں افتتاح کیا گیا۔

اس بوٹ کو نومبر 2024ء میں ہونے والی دفاعی ہتھیاروں کی نمائش آئیڈیاز میں باضابطہ طور پر پیش کیا جائے گا۔ نور پاکستان مصنوعی ذہانت سے لیس ایک دماغ کی طرح کام کرے گا جو ایک سے زائد زبانیں سمجھنے اور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اسے روبوٹ کی شکل دی جائے گی تاکہ مندوبین کی چلتے پھرتے رہنمائی اور معاونت کرسکے آئیڈیاز نمائش کے لیے 40کے لگ بھگ چلتے پھرتے چیٹ بوٹس تیار کیے جائیں گے جو مندوبین کی 25 مختلف زبانوں میں معاونت کریں گے اور آئیڈیاز کے بارے میں سوالات کا جواب دینے کے ساتھ مخصوصی ہال یا اسٹال تک رہنمائی کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔