علی امین گنڈا پور کے ساتھ کھڑا ہوں، اسکے بیان پر معافی مانگنے والا بزدل ہے، عمران خان

ویب ڈیسک  منگل 10 ستمبر 2024
(فوٹو : فائل)

(فوٹو : فائل)

 راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ میں علی امین گنڈا پور کے ساتھ کھڑا ہوں، علی امین کے بیان پر معافی مانگنے والا بزدل ہے اسے پارٹی میں نہیں ہونا چاہیے وہ پارٹی چھوڑ دے۔

یہ بات انہوں نے اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو کل رات اسٹیبلشمنٹ نے اٹھایا، ایک صوبے کے وزیراعلی کو اٹھا کر آپ نفرتیں بڑھا رہے ہیں، خیبر پختون خوا کے وزیراعلی کے ساتھ ایسا کر کے ملک کو تباہی کی جانب لے جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : اسٹیبلشمنٹ نے ہمیں دھوکا دیا آج سے مذاکرات کے دروازے بند کر رہا ہوں، عمران خان

صحافی نے سوال کیا کہ علی امین گنڈاپور کے بیانات سے بغاوت کا تاثر جاتا ہے کہ آپ بغاوت کی ترغیب دے رہے ہیں؟ اس پر عمران خان نے کہا کہ ہم نے کون سی بغاوت کی ہے؟ علی امین گنڈا پور نے قوم کے جذبات کی ترجمانی کی ہے اور میں علی امین گنڈا پور کے ساتھ کھڑا ہوں، علی امین گنڈا پور کے بیان پر معافی مانگنے والا بزدل ہے اسے پارٹی میں نہیں ہونا چاہیے وہ پارٹی چھوڑ دے،  پہلے ہی بلوچستان اپ کے ہاتھ سے نکل چکا ہے.

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔