مسٹر گنڈاپور پنجاب، سندھ، بلوچستان آئیں مس گنڈاپور بنا کر بھیجیں گے، فیصل واوڈا

ویب ڈیسک  منگل 10 ستمبر 2024
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

  اسلام آباد: سینیٹر فیصل واوڈا نے خیبرپختونخوا (کے پی) کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی  اسلام آباد جلسے کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسٹر گنڈاپور پنجاب، سندھ اور بلوچستان آئیں آپ کو مس گنڈاپور بنا کر بھیجیں گے۔

سینٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر فیصل واوڈا نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ آئیں پنجاب، سندھ اور بلوچستان مسٹر گنڈا پور کو مس گنڈا پور بنا کر بھیجیں گے، آپ آئیں اور آپ کو لٹائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آپ منت ترلے کررہے ہیں کہ اسٹیبلشمنٹ آپ سے بات کرے، ارشد شریف کیس میں مراد سعید، جنرل فیض اور بانی پی ٹی آئی کو کیسے پتا تھا یہ ہونے والا ہے، آپ نے اپنی گندی سیاست کے لیے بے گناہ آدمی ارشد شریف کو مروا دیا۔

فیصل واوڈا کے اظہار خیال کے دوران پی ٹی آئی کے ارکان ایوان میں واپس آگئے اور سینیٹر فلک ناز چترالی نے کہا کہ ان کی کیا حیثیت ہے، یہ کیوں بول رہے ہیں، جس پر فیصل واوڈا نے کہا کہ میں آپ کو جانتا نہیں آپ کی کیا حیثیت ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ ملک توڑ رہے ہیں، سازش کر رہے ہیں، آپ ہماری  ماں بہن کے لیے نازیبا زبان استعمال کریں ہم برداشت کریں گے، اس دوران پی ٹی آئی کے سینیٹرز کا فیصل واوڈا کے خلاف احتجاج جاری رہا اور حکومتی سینیٹرز فیصل واڈا کے دفاع میں سامنے آگئے۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ ابھی صبر کریں ابھی تو آپ کے ساتھ کام شروع ہوا ہے، اداروں اور حکومت کی کمزوری ہے کہ یہ لوگ گالیاں دے رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔