توشہ خانہ 2 کیس؛ اسپیشل جج سینٹرل اسلام آباد نے بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو طلب کرلیا

فیاض محمود  منگل 10 ستمبر 2024
فوٹو- فائل

فوٹو- فائل

  اسلام آباد: اسپیشل جج سینٹرل اسلام آباد نے توشہ خانہ 2 کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو طلبی کا نوٹس جاری کرتے ہوئے طلب کرلیا عدالت نے 16 ستمبر کو پیش کرنے کا حکم دیا۔

عدالت نے کیس  16 ستمبر کو اسپیشل جج سینٹرل امجد اقبال رانجھا کی عدالت میں سماعت کے لیے مقرر کر دیا بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے خلاف توشہ خانہ 2 کیس کی سماعت سینٹرل جج امجد اقبال کی رخصت کے باعث ڈیوٹی جج ہمایوں دلاور نے کی۔

وکیل سلمان صفدر نے کہا میں کچھ گزارشات کرنا چاہتا ہوں جج ہمایوں دلاور نے کہا میں آپ کا کیس سننا ہی نہیں چاہتا یہ اسپیشل جج سینٹرل عدالت ون کا کیس ہے وہی سنیں گے اس لیے کیس 16 ستمبر کے لیے مقرر کر رہا ہوں۔

سلمان صفدر بولے کہ مجھے اچھا لگتا کہ آپ میری گزارشات سن لیتے ایک ہی طرح کا توشہ خانہ کیس ہے مجھے ڈائریکشن بتانے کی اجازت دی جائے عدالت نے ریمارکس دیے آپ فی الحال کوئی دلائل نہ دیں۔

عدالت نے کیس کی سماعت 16 ستمبر تک ملتوی کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔