روس کو میزائلوں کی فراہمی؛ برطانیہ، جرمنی اور فرانس کا ایران پر پابندیوں کا اعلان

ویب ڈیسک  منگل 10 ستمبر 2024
میزائلوں کی فراہمی سے ایران اور روس دونوں یورپی سلامتی کے لیے براہ راست خطرہ بن چکے ہیں

میزائلوں کی فراہمی سے ایران اور روس دونوں یورپی سلامتی کے لیے براہ راست خطرہ بن چکے ہیں

برسلز: جرمنی، فرانس اور برطانیہ نے روس کو یوکرین جنگ میں استعمال کے لیے بیلسٹک میزائل فراہم کرنے پر ایران کو یورپی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیدیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمنی، فرانس اور برطانیہ نے ایران کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے فضائی نقل و حمل سے متعلق نئی پابندیوں کا اعلان کیا ہے۔

مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم ایران کے ساتھ دوطرفہ فضائی خدمات کے معاہدوں کو منسوخ کرنے کے لیے فوری اقدامات کریں گے۔ ایران ایئر پر پابندیاں لگانے کے لیے بھی کام کریں گے۔

بیان میں کہا گیا کہ اس کے علاوہ ہم ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام اور روس کو بیلسٹک میزائلوں اور دیگر ہتھیاروں کی منتقلی میں ملوث اہم اداروں اور افراد کا بھی پیچھا کریں گے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ عمل ایران اور روس دونوں کی طرف سے یورپی سلامتی کے لیے براہ راست خطرہ ہے۔ یوکرینی عوام کے لیے مزید مشکل پیدا کی جا رہی ہے۔

ان ممالک نے یہ اقدام امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اس بیان کے بعد اُٹھایا ہے جس میں انھوں نے بتایا تھا کہ ایران کی جانب سے روس کو بیلسٹک میزائلوں کی کھیپ موصول ہوئی ہے۔

امریکی وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ اس بات کی تصدیق ہوچکی ہے کہ ایران کے بھیجے گئے میزائلوں کو روس یوکرین پر استعمال کرے گا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔