شگفتہ اعجاز نے اسپتال میں شوہر کے ساتھ شادی کی سالگرہ منائی
اداکارہ کے شوہر یحییٰ صدیقی پچھلے 5 برسوں سے کینسر میں مبتلا ہیں
پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ شگفتہ اعجاز نے کینسر میں مبتلا شوہر یحییٰ صدیقی کے ہمراہ اسپتال میں شادی کی سالگرہ منا کر سوشل میڈیا پر تنقید کرنے والوں کو خاموش کروا دیا۔
کچھ عرصہ قبل شگفتہ اعجاز کو بیرونِ ملک دورے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید اور الزامات کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس پر انہوں نے شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ قیامت کے دن ایسے لوگوں کا گریبان پکڑیں گی اور انہیں کبھی معاف نہیں کریں گی۔
اب اداکارہ نے اپنے یوٹیوب چینل پر ایک نیا وی لاگ شیئر کیا ہے، جس میں وہ اپنے شوہر یحییٰ کے ساتھ اسپتال میں شادی کی سالگرہ مناتی نظر آ رہی ہیں۔
وی لاگ میں دکھایا گیا کہ ان کی بیٹی ایمان اسپتال میں کیک لے کر آئیں اور شگفتہ اعجاز نے اپنے اہلِ خانہ اور دوستوں کے ساتھ مل کر سالگرہ منائی، جس دوران خوشی کے چند لمحوں کو یادگار بنا لیا۔
وی لاگ کے دوران شگفتہ اعجاز نے نجی اسپتال کی ناکافی سہولتوں پر بھی شکوہ کیا اور اپنے شوہر کی جلد صحت یابی کے لیے مداحوں سے دعا کی درخواست کی۔
یہ بھی پڑھیں : قیامت کے دن تہمتیں لگانے والوں کا گریبان پکڑوں گی، شگفتہ اعجاز
واضح رہے کہ شگفتہ اعجاز کے شوہر یحییٰ صدیقی پچھلے 5 برسوں سے کینسر میں مبتلا ہیں اور نجی اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔ شگفتہ اعجاز اور یحییٰ کی یہ دوسری شادی ہے، دونوں کی پہلی شادیوں سے دو دو بچے ہیں، جبکہ ان دونوں کی دو مشترکہ بیٹیاں بھی ہیں۔