کراچی: ذہنی مریضہ نے تنگ کرنے پر بچے کو نالے میں دھکا دے دیا، بچہ جاں بحق

اسٹاف رپورٹر  بدھ 11 ستمبر 2024
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

  کراچی: ذہنی مریضہ خاتون نے تنگ کرنے پر بچے کو نالے میں دھکا دے دیا اور موقع سے غائب ہوگئی۔

ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق پرانا گولیمار کے قریب نالے میں کمسن لڑکا گر کر لاپتا ہوگیا، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی واٹر ریسکیو ٹیم ضروری ساز و سامان اور ایمبولینس کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئی اور بچے کی تلاش کا عمل شروع کر دیا۔

ایس ایچ او پاک کالونی چوہدری جاوید نے بتایا کہ نالے میں گرنے والے لڑکے کی شناخت 10 سالہ حیدر علی کے نام سے کی گئی۔

ابتدائی تحقیقات میں دیگر بچوں سے پتہ چلا ہے کہ بچے اپنے گھر کے سامنے کھیل رہے تھے کہ وہاں سے گزرنے والی ذہنی مریضہ خاتون (جو علاقے میں گھومتی رہتی ہے) نے کسی بچے کے تنگ کرنے پر حیدر علی کو نالے میں دھکا دے دیا، واقعے کے بعد وہ وہاں سے چلی گئی جسے پولیس تلاش کر رہی ہے۔

بچے کی والدہ نے ریسکیو حکام سے مطالبہ کیا کہ مجھے میرا بچہ چاہیے اور کسی بھی صورت میں میرے لخت جگر کو تلاش کر کے نکالا جائے۔ بچےکی لاش15گھنٹوں کے بعد نالے سے نکال لی گئی۔

دریں اثنا پی ای سی ایچ ایس بلاک 6 حرمین مسجد کے قریب کمسن بچہ بلندی سے گر کر جاں بحق ہوگیا جس کی لاش جناح اسپتال لے جائی گئی۔ چھیپا حکام کے مطابق متوفی کی شناخت 5 سالہ محمد کے نام سے کی گئی جبکہ واقعہ گھر کی چھت سے اتفاقیہ گرنے کا بتایا جا رہا ہے تاہم پولیس واقعہ کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔