کراچی، اسلام آباد، دبئی ایئرپورٹس پر طیاروں کی ہنگامی لینڈنگ

صالح مغل / نیوز ایجنسیاں  بدھ 11 ستمبر 2024
(فوٹو: فائل)

(فوٹو: فائل)

 راولپنڈی: لاہور میں خراب موسم کے باعث پی آئی اے کا طیارہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈ کرگیا،ادھر فنی خرابی کے باعث پی آئی اے کی دبئی سے پشاور کی پرواز کو دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔

ذرائع ایوی ایشن کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے 284 میں روانگی کے فوری بعد فنی خرابی پیدا ہوئی، ایئر ٹریفک کنٹرولر کی ہدایت پر طیارے نے 50 منٹ بعد واپس لینڈنگ کی۔

ادھر لاہور میں خراب موسم کے باعث پی آئی اے کی پرواز پی کے 726 کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر دوپہر 1:45 بجے لینڈنگ کی، جس کے بعد طیارہ کچھ وقت کیلئے بے یارو مددگار ایئرپورٹ پر کھڑا رہا، کلیرنس ملنے پر طیارہ پونے 6 بجے شام لاہور روانہ ہوگیا۔

ادھر جدہ سے لاہور جانیوالی نجی ایئرلائن کی پرواز نے میڈیکل ایمرجنسی کے باعث کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی۔ایئر پورٹ ذرائع کے مطابق پائلٹ نے خاتون مسافر کی طبیعت بگڑنے پر کراچی ایئر ٹریفک کنٹرول سے ہنگامی لینڈنگ کی اجازت مانگی، لینڈنگ کے بعد ڈاکٹروں نے خاتون کا معائنہ کیا، بعدازاں خاتون اور ان کی بیٹی کو آف لوڈ کر کے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔