کراچی: ڈاکوؤں کی فائرنگ سے کمسن بچی سمیت 5 افراد زخمی

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 12 ستمبر 2024
(فوٹو: فائل)

(فوٹو: فائل)

  کراچی: شہر میں جاری ڈاکو راج کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے کمسن بچی سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ناظم آباد 3 نمبر گلیکسی چوک کے قریب موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے ڈکیتی مزاحمت پر 35 سالہ ماجد کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا۔ سرجانی ٹاؤن کے علاقے لیاری تیسر ٹاؤن سیکٹر 35 سی کے قریب ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر 32 سالہ راشد کو زخمی کیا، دونوں زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال لے جایا گیا۔

الفلاح کے علاقے ملت ٹاؤن ملیر ہالٹ کے قریب ڈاکوؤں نے مزاحمت پر 38 سالہ راشد کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا۔ شاہ فیصل 5 نمبر ندی کے قریب فائرنگ سے 25 سالہ عظیم زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لیے جناح اسپتال لے جایا گیا، چھیپا حکام کے مطابق واقعہ ڈکیتی کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے۔

سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا کے علاقے جنجال گوٹھ پختون چوک کے قریب فائرنگ کے واقعہ میں 10 سالہ ثنا نامی بچی کمر پر گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگئی جسے فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال لے جایا۔

چھپیا حکام کے مطابق علاقے میں ڈکیتی کے دوران عوام کی مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے گلی میں کھڑی بچی زد میں آکر زخمی ہوئی تاہم پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔