سندھ، ضلع اور تحصیل کی سطح پر درسی کتب کی ترسیل مکمل

پ ر  جمعرات 12 ستمبر 2024
(فوٹو: فائل)

(فوٹو: فائل)

  کراچی: سندھ ٹیکسٹ بک بور ڈ انتظامیہ نے سندھ کے سرکاری اسکولوں کے لیے ضلع اور تحصیل کی سطح پر درسی کتابوں کی ترسیل کا کام مکمل کر لیا ہے جبکہ اسکولوں میں کتابیں پہنچنے کے عمل کا جائزہ لینے کیلیے ٹیموں کے دورے بھی جاری ہیں۔

سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ جامشورو کے چیئرمین عبدالعلیم لاشاری کا کہنا ہے کہ سندھ کے وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ اور وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ ’’پڑھے گا سندھ تو بڑھے گا سندھ‘‘ کے تحت ہر بچے کو تعلیم دلوانے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں اور ہر بچے تک مفت درسی کتابیں پہنچانے کے عمل میں مسلسل رابطے میں ہیں۔

چیئرمین عبدالعلیم لاشاری نے کہا کہ اس سال تاریخ میں پہلی بار شفاف طریقے سے بروقت کتابوں کی تقسیم کا عمل مکمل کیا گیا ہے جس کے تحت 44 لاکھ 53 ہزار 686 کتابوں کے سیٹ چھاپے گئے جن میں 2 کروڑ 43 لاکھ 51 ہزار 475 کتابیں شامل ہیں، یہ کتابیں بروقت بچوں تک پہنچا دی گئی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ سندھ کے سرکاری اسکولوں، سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے اسکولوں سمیت کراچی میونسپل کارپوریشن میں کتابوں کی تقسیم کا عمل مکمل ہونے کے بعد ہماری ٹیموں نے درسی کتابوں کے لیے بنائے گئے ویئر ہاؤسز اور سندھ کے اسکولوں کے روزانہ کی بنیاد پر دورے شروع کیے اور مفت درسی کتابیں پہنچانے کے کام کا جائزہ لیا، اور یہ سلسلہ ابھی بھی جاری ہے جہاں کہیں کتابوں کی مزید ضرورت پیش آ رہی ہے ہم وہاں بھی کتابیں پہنچا رہے ہیں کیونکہ جب سندھ کے بچے تعلیم حاصل کریں گے تو سندھ مزید ترقی کرے گا اور آگے بڑھے گا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔