سندھ میں الیکٹرک ٹیکسی منصوبے سے متعلق سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن سے آٹو کمپنیوں کے نمائندوں نے ملاقات کی ہے۔
حکومت سندھ کی جانب سے صوبے میں الیکٹرک ٹیکسی منصوبے کے لیے کوششیں تیز کردی گئی ہیں۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن سے چینی آٹوموبائل بنانے والی کمپنی GAC اور دیوان موٹرز کے نمائندوں نے ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، دیوان یوسف فاروقی، چینی کمپنی GAC کے ژو سونگ، ژین وین ، ظفر حسن اور دیگر نے شرکت کی ۔ اس موقع پر چینی کمپنی جے اے سی کے جنرل منیجر ژو سونگ نے الیکٹرک وہیکلز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ۔ شرکا نے سندھ میں الیکٹرک ٹیکسیاں متعارف کرانے کے لیے مختلف آپشنز پر تبادلہ خیال کیا۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے چینی کمپنی کی سرمایہ کاری کے حوالے سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ الیکٹرک ٹیکسیوں کے لیے تمام ضروری انفرا اسٹرکچر اور سہولت فراہم کرے گی۔ چارجنگ اسٹیشنز کا قیام، ہموار ریگولیٹری عمل کو یقینی بنانا اور سرمایہ کاروں کے لیے کاروبار کے لیے سازگار ماحول کو حکومت سندھ یقینی بنائے گی۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ الیکٹرک ٹیکسیوں کے متعارف ہونے سے نہ صرف لوگوں کو محفوظ اور جدید سفری سہولیات میسر آئیں گی بلکہ کاربن کے اخراج کو کم کرکے ماحول کے تحفظ میں بھی مدد ملے گی۔ نئی ٹیکسی سروس شروع ہونے سے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین مسافروں کے لیے محفوظ اور قابل اعتماد سفر کے لیے پنک ٹیکسی سروس شروع کی جائے گی۔ حکومت سندھ کا مقصد ان الیکٹرک ٹیکسیوں کو جلد از جلد شروع کرنا ہے، تاکہ شہری جدید ترین، ماحول دوست سفری سہولت سے مستفید ہوں۔