ایوشمان کھرانہ کو ایکتا کپور نے دھمکی کیوں دی اداکار نے بتادیا
اداکار نے اپنے کیریئر کے ابتدائی دنوں کا ایک حیران کن واقعہ بیان کیا ہے
بالی وڈ کے معروف اداکار ایوشمان کھرانہ نے اپنے کیریئر کے ابتدائی دنوں کا ایک حیران کن واقعہ بیان کیا ہے جس میں ان کا ایکتا کپور اور بالاجی ٹیلی فلمز کے ساتھ بڑا تنازعہ پیدا ہوا تھا۔
بالاجی ٹیلی فلمز کی سربراہ ایکتا کپور اس وقت شدید غصے میں تھیں جب ایوشمان نے ان کا ایک طویل مدتی معاہدہ مسترد کر دیا۔
ایوشمان کھرانہ نے اپنے آڈیو بُک 'Cracking The Code' میں اس تلخ واقعے کا ذکر کیا ہے جس میں بتایا کہ وہ اُس وقت ایک ٹی وی اداکار تھے اور بالاجی ٹیلی فلمز کے مشہور ڈرامے 'کایامت' میں کام کر رہے تھے۔
اداکار نے کہا کہ انہیں کمپنی کی جانب سے ایک طویل معاہدے پر دستخط کرنے کے لئے دباؤ ڈالا گیا تھا اور ان کے واجب الادا پیسے نہ دینے کی دھمکی دی گئی تھی۔
انہوں نے معاہدے پر دستخط نہیں کیے جس پر ایکتا کپور شدید غصے میں آگئیں اور انہیں سنگین دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑا۔
ایوشمان کھرانہ نے مزید کہا جب انہوں نے معاہدے پر دستخط کیے بغیر وہاں سے جانے کا فیصلہ کیا تو انہیں پتا چلا کہ ایکتا نے غصے میں ایگزیکٹو پروڈیوسر کے چہرے پر اپنا موبائل دے مارا ہے۔
ایوشمان کے مطابق، چونکہ انہوں نے معاہدے پر دستخط نہیں کیے تھے، اس لیے کوئی قانونی کارروائی نہیں ہو سکتی تھی، لیکن انہیں کئی دھمکی آمیز کالز اور پیغامات موصول ہوئے اور انہیں کہا گیا کہ ان کا کیریئر ختم ہو چکا ہے اور انہیں ممبئی چھوڑ کر چندی گڑھ واپس چلے جانا چاہئے۔