ایف بی آر نے ان لینڈ ریونیو افسران کو مزید اختیارات دے دیے

ارشاد انصاری  جمعرات 12 ستمبر 2024
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

  اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے کمشنر ان لینڈ ریونیو آئی آر کو مزید اختیارات دے دیے جس کے تحت انہیں تاریخ میں توسیع کا حق بھی تفویض کیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایف بی آر کی جانب سے کمشنر ان لینڈ ریونیوآئی آر کو مزید اختیارات دینے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا جس میں کمشنر ان لینڈ ریونیو کو ٹیکس دہندگان کیلئے کسی بھی قانون یا قواعد میں مقررہ تاریخ میں توسیع کا اختیار دیدیا گیا ہے۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ کمشنر ان لینڈ ریونیو جہاں کسی قانون یا قواعد میں کسی درخواست یا کام کے لیے کوئی وقت یا مدت متعین کی گئی ہو اس مقررہ وقت کی رعایت دے سکے گا، متعلقہ رجسٹرڈ فرد یا اس کا مجاز نمائندہ کمشنر کو تاخیر کی وجوہات بیان کرتے ہوئے درخواست جمع کرائے گا تاکہ وقت کی رعایت کی جا سکے۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ اگر کیس میں مزید معلومات یا دستاویزات درکار نہ ہوں، تو کمشنر درخواست ملنے کے 30 دن کے اندر تاخیر کی وجوہات کا جائزہ لے کر فیصلہ کرے گا، اگر کمشنر کو کیس کے لیے مزید معلومات یا دستاویزات کی ضرورت ہو، تو وہ ان کے جمع ہونے کے بعد درخواست ملنے کے 45 دن کے اندر فیصلہ کرے گا۔

ایف بی آر نوٹی فکیشن کے مطابق کمشنر میرٹ پر کیس کا فیصلہ کرے گا اور منظوری یا مسترد کرنے کی وجوہات کو تحریر کرے گا، درخواست منظور ہونے کی صورت میں، کمشنر مقررہ مدت سے رعایت دے سکے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔