کراچی: مقابلے کے دوران کار لفٹر زخمی حالت میں گرفتار

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 13 ستمبر 2024
(فوٹو : فائل)

(فوٹو : فائل)

کراچی: شارع فیصل پولیس نے مورو سے تعلق رکھنے والے کار اسنیچر کو مقابلے کے دوران زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔

شارع فیصل پولیس نے گلشن اقبال بلاک 10 کے قریب مبینہ مقابلے کے دوران ایک کار لفٹر کو شدید زخمی حالت میں گرفتار کرلیا جبکہ اس کا ساتھی چھینی ہوئی کار سمیت موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

ترجمان ایسٹ پولیس کے مطابق راشد منہاس روڈ پر 2 مسلح ملزمان شہری افتخار سے آلٹو کار چھین کر فرار ہو رہے تھے کہ شارع فیصل تھانے کی گشت پر مامور پولیس پارٹی موقع پر پہنچ گئی ۔ جسے دیکھ کر ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی۔

تاہم جوابی فائرنگ کے تبادلے میں پولیس نے ایک ملزم کو شدید زخمی حالت میں گرفتار کرلیا جبکہ اس کا ساتھی کار لیکر فرار ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے۔

ایس ایچ او فیصل گل نے بتایا کہ زخمی حالت میں گرفتار ملزم کی شناخت ساجد علی کے نام سے کی گئی جس کا آبائی تعلق مورو سے ہے جبکہ اس کے قبضے سے 30 بور پستول گولیاں اور نقدی برآمد ہوئی ہے۔

گرفتار کار اسنیچر ڈسٹرکٹ ایسٹ کے مختلف علاقوں میں کار چھیننے کی وارداتوں میں ملوث بتایا جاتا ہے جس کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہے تاہم پولیس نے زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔