ٹرمپ نے کملا ہیرس کے ساتھ مباحثے سے راہ فرار اختیار کر لی

ویب ڈیسک  جمعـء 13 ستمبر 2024
 (فوٹو: انٹرنیٹ)

(فوٹو: انٹرنیٹ)

  واشنگٹن: ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ پانچ نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات سے قبل کملا ہیرس کے خلاف مزید ایک اور صدارتی مباحثے میں حصہ نہیں لیں گے۔

سابق صدر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ ایک مباحثہ جو بائیڈن کے ساتھ اور ایک کملا ہیرس کے ساتھ ہوا ہے اب کوئی تیسری بحث نہیں ہوگی۔

اگرچہ ٹرمپ نے منگل کے روز ہیرس کے خلاف مباحثے میں خود کو کامیاب قرار دیا تھا، لیکن چھ ریپبلکن ڈونرز اور ٹرمپ کے تین مشیروں نے غیر ملکی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے خیال میں کملا ہیرس نے بحث میں کامیابی حاصل کی ہے۔

مزید پڑھیں: ڈونلڈ ٹرمپ اور کملا ہیرس کے درمیان صدارتی انتخابات کے مباحثے میں پہلا ٹاکرا

ان کا مزید کہنا تھا کہ کملا ہیرس کے ساتھ مباحثے میں ٹرمپ اپنی باتوں پر قائم رہنے میں ناکام رہے تھے، خاص طور پر انتخابی منشور کے حوالے سے وہ کوئی متاثر کن جواب نہ دے سکے۔

واضح رہے کہ کملا ہیرس اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان اس مباحثے نے 67.1 ملین ٹیلی ویژن ناظرین کو اپنی طرف متوجہ کیا تھا۔

دوسری جانب ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈیموکریٹک امیدوار کملا ہیرس نے ٹرمپ کو ایک اور مباحثے کا چیلنج دے دیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ امریکی ووٹرز چاہتے ہیں کہ ٹرمپ کے ساتھ ایک اور مباحثہ ہو۔

جمعرات کو جاری ہونے والے رائے عامہ کے ایک سروے کے مطابق 53 فیصد نے کہا کہ مباحثہ کملا ہیرس نے جیتا جبکہ 24 فیصد نے ٹرمپ کو کامیاب قرار دیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔