صدر مملکت کی 9 انشورنس پالیسی ہولڈرز کو ڈیڑھ کروڑ روپے دینے کی ہدایت

ویب ڈیسک  جمعـء 13 ستمبر 2024
فائل فوٹو

فائل فوٹو

  اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے 9 انشورنس پالیسی ہولڈرز کو 1 کروڑ 52 لاکھ روپے دینے کی ہدایت کر دی۔

صدر مملکت نے وفاقی انشورنس محتسب کے 9 فیصلے برقرار رکھتے ہوئے ای ایف یو لائف ایشورنس کی 6 اور پاک قطر فیملی تکافل کی 3 درخواستیں مسترد کر دیں۔

تفصیلات کے مطابق انشورنس کمپنیوں کے ایجنٹس نے 5 افراد کو ماہانہ منافع کے وعدے پر اسکیموں میں پیسہ لگانے کی ترغیب دی، رقوم کی واپسی یا منافع کے لیے متعلقہ کمپنیوں سے رابطے پر دعوے مسترد  کر دیے گئے۔ ای ایف یو لائف ایشورنس نے 4 لائف انشورنس پالیسی ہولڈرز کے ورثاء کے دائر کردہ ڈیتھ کلیمز مسترد کیے۔

متاثرین نے انشورنس محتسب کو شکایات کے ازالے کے لیے الگ الگ درخواستیں دیں۔ محتسب نے کیسز کی سماعت کے بعد کمپنیوں کو 1 کروڑ 52 لاکھ روپے کی ادائیگی کا حکم دیا۔

کمپنیوں نے محتسب کے حکم کے خلاف صدرِ پاکستان کو علیحدہ علیحدہ درخواستیں دیں، صدرِ مملکت نے فیصلوں میں کوئی قانونی نقص نہ ہونے پر کمپنیوں کی درخواستوں کو مسترد کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔