آئی ٹی یو گلوبل سائبر سکیورٹی میں پاکستان کی رینکنگ میں بہتری آئی ہے، وزیرمملکت آئی ٹی

ویب ڈیسک  جمعـء 13 ستمبر 2024
شزا فاطمہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کر رہی تھیں—فوٹو: فائل

شزا فاطمہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کر رہی تھیں—فوٹو: فائل

  اسلام آباد: وزیرمملکت آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ سائبر سیکیورٹی کے شعبے میں پاکستان دنیا میں رول ماڈل کے طور پر سامنے آیا ہے اور آئی ٹی یو گلوبل سائبر سیکیورٹی میں پاکستان کی رینکنگ میں بھی بہتری آئی ہے۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کے دوران وزیرمملکت آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ آئی ٹی یو گلوبل سائبر سیکیورٹی انڈیکس 2024 میں پاکستان کو رول ماڈل قرار دیا  گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پچھلی رینکنگ میں عالمی سطح پر پاکستان کی درجہ بندی 79 پر تھی تاہم آئی ٹی کا شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور سائبرسکیورٹی  کے حوالے سے پاکستان دنیا میں ایک رول ماڈل کےطور پر سامنے آیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام متعلقہ اداروں نے سائبرسیکیورٹی کے حوال ےسے زبردست کردار ادا کیا ہے، فخرہے کہ ہمارے سائبر سیکیورٹی اقدامات کی  عالمی سطح پر پذیرائی ہوئی ہے۔

شزا فاطمہ نے کہا کہ سائبرسیکیورٹی کے حوالے سے ہم نے ورکشاپس کا اہتمام کیا ہے، دنیا میں اس وقت سائبر سیکیورٹی کا شعبہ روزگار کی فراہمی کے حوالے سےسرفہرست ہے اور سائبرسیکیورٹی میں روزگارکےمواقع کو مدنظر رکھتے ہوئے نوجوانوں کو تربیت دی جا رہی ہے۔

وزیرمملکت کا کہنا تھا کہ آئی ٹی یو گلوبل سائبر سیکیورٹی میں پاکستان کی رینکنگ میں بہتری آئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔