ہائیکورٹ؛ جناح یونیورسٹی فاروومن اور بوائز کالج کے درمیان زمین کے تنازع پر کمیٹی بنانے کا حکم

کورٹ رپورٹر  جمعـء 13 ستمبر 2024
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

  کراچی:  سندھ ہائیکورٹ نے جناح یونیورسٹی فار وومن اور جناح بوائز کالج کے درمیان زمین کے تنازع سے متعلق درخواست پر چیف سیکریٹری سندھ کو کمیٹی بنانے کا حکم دے دیا۔

ہائیکورٹ میں جناح یونیورسٹی فار وومن اور جناح بوائز کالج کے درمیان زمین کے تنازع سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔ ایڈیشنل سیکریٹری محکمہ کالج نے موقف اختیار کیا کہ جس زمین کا دعویٰ کیا جارہا ہے وہ جناح گورنمنٹ کالج کی ہے، کالج میں 4552 بچے زیر تعلیم ہیں  اور اساتذہ  و دیگر عملے کی تعداد 68  ہے۔

درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ یہ زمین ٹرسٹ کی ہے جس کے تحت جناح وومن یونیورسٹی چل رہی ہے، 14 ایکڑ زمین ہے جس کا قبضہ نہیں دیا جارہا۔

عدالت نے چیف سیکریٹری سندھ کو کمیٹی بنانے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے کمیٹی میں کے ڈی اے، ماسٹر پلان اتھارٹی، کالج ایجوکیشن کے افسران کو شامل کرنے کی ہدایت کی ۔

عدالت نے کمیٹی کو متعلقہ زمین کی قانونی حیثیت  کا تعین کرنے اور ایک ماہ میں رپورٹ جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔