وفاقی حکومت کا صوبائی حکومتوں کو دیے گئے قرضوں پر 17.84 تک شرح سود کا اعلان

ارشاد انصاری  جمعـء 13 ستمبر 2024
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

  اسلام آباد: وفاقی حکومت نے تین سال کے دوران صوبائی حکومتوں کو دیے گئے کیش ڈیولپمنٹ لون پر شرح سود  کا اعلان کردیا۔ 

وفاقی حکومت نے گذشتہ تین سال کے دوران صوبائی حکومتوں کو دیے گئے کیش ڈویلپمنٹ لون،مقامی حکومتوں و انکے فنانشل و نان فنانشل انسٹیٹیوشنز اور کارپویشنز کو دیے گئے قرضوں اور کمرشل ڈیپارٹمنٹس میں وفاقی حکومت کے کیپیٹل آؤٹ لے سمیت سرکاری ملازمین کو گاڑیوں و موٹر سائیل کی خریداری اور ہاؤس بلڈنگ کیلیے حاصل کردہ قرضوں پر 11.20 فیصد سے 17.84 فیصد شرح سود کا اعلان کردیا ہے۔

اس حوالے سے وزارت خزانہ کے بجٹ ونگ کی جانب سے باضابطہ طور پر نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ صوبائی حکومتوں کو دیے گئے کیش ڈویلپمنٹ لون،مقامی حکومتوں و انکے فنانشل و نان فنانشل انسٹیٹیوشنز اور کارپویشنز کو دیے گئے قرضوں اور کمرشل ڈیپارٹمنٹس میں وفاقی حکومت کے کیپیٹل آؤٹ لے پر مالی سال 2021-22 کیلیے 11.20 فیصد اور مالی سال2022-23 کیلیے15.58 فیصد جبکہ گذشتہ مالی سال 2023-24 کیلیے 17.84 فیصد شرح سود لاگو ہوگی۔

اس کے علاوہ گاڑیوں و موٹر سائیل کی خریداری اور ہاؤس بلڈنگ کیلیے حاصل کردہ قرضوں پر گذشتہ مالی سال2023-24 کیلیے 17.84 فیصد حساب سے فائنل شرح سود لاگو ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔