کراچی: سائٹ سپر ہائی وے سے مبینہ مقابلے میں ایک ملزم گرفتار

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 14 ستمبر 2024
(فوٹو : فائل)

(فوٹو : فائل)

کراچی: سائٹ سپر ہائی صنعتی ایریا پولیس نے مبینہ مقابلے میں ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا جبکہ دیگر 2 ساتھی موقع سے فرار ہوگئے۔

سائٹ سپر ہائی صنعتی ایریا پولیس نے احسن آباد کے قریب مبینہ مقابلے میں ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔

ایس ایچ او شہزاد الیاس نے بتایا کہ گرفتار ملزم کی شناخت 22 سالہ قربان علی کے نام سے کی گئی جس کے قبضے سے اسلحہ، گولیاں ، چلیدہ خولز اور نقدی برآمد ہوئی ہے جبکہ اس کے دیگر 2 ساتھی موقع سے فرار ہوگئے۔

انھوں بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق ڈائنگ و ایمبرائیڈری کے گودام پر آنے والے 3 افراد جو کہ لیاری کے رہائشی بتائے جاتے ہیں۔ انھوں نے چوکیدار سے ٹھیکیدار کے بارے میں معلوم کیا اور اسے مغلظات بھی دیں اس دوران چوکیدار سے ان کی تلخ کلامی بھی ہوئی جس پر کی گئی فائرنگ سے چوکیدار 30 سالہ ساجد ٹانگ اور پیٹ پر گولیاں لگنے سے زخمی ہوگیا اسی دوران علاقہ گشت پر مامور پولیس پارٹی بھی موقع پر پہنچ گئی جسے دیکھ کر ملزمان نے فائرنگ کرتے ہوئے فرار کی کوشش کی۔

تاہم ،پولیس نے فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا جبکہ دیگر ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔پولیس نے زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال پہنچایا جس سے مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔