ایران میں دہشت گردوں کے حملے سے تین سیکیورٹی اہلکار شہید

ویب ڈیسک  ہفتہ 14 ستمبر 2024
فوٹو- فائل

فوٹو- فائل

تہران: پاکستان کی سرحد کے قریب دہشت گردوں کے حملے سے تین ایرانی سیکیورٹی اہلکار شہید ہو گئے۔

ایرانی خبر ایجنسی تسنیم نیوز کے مطابق ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان کے شہر میرجاوہ میں دہشت گردوں کے حملے میں ایک افسر اور دو اہلکار سمیت تین ایرانی سیکیورٹی اہلکار شہید ہو گئے۔

جنوب مشرقی ایران کے صوبہ زاہدان کے پراسیکیوٹر مہدی شمس آبادی کے مطابق سیکیورٹی اہلکار میرجاوہ کے ایک گیس اسٹیشن سے ایندھن بھر رہے تھے کہ اس دوران دہشت گردوں نے سیکیورٹی اہکاروں کی گاڑی پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں تین سیکیورٹی اہکار شہید ہوئے جبکہ جائے وقوعہ پر موجود ایک شہری بھی زخمی ہوگیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حملے کے سلسلے میں عدالتی کیس کھول دیا گیا ہے اور مجرموں کی شناخت کے لیے انٹیلی جنس آپریشنز بھی جاری ہیں۔

تسنیم نیوز کے مطابق شہید ہونے والوں کی شناخت سیکنڈ لیفٹیننٹ محمد امین ناروئی، پارسا سوزانی اور امیر ابراہیم زادہ کے نام سے ہوئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔