اے این ایف کی  کارروائیاں،24 گھنٹوں کے دوران 2 کروڑ سے زائد کی منشیات برآمد

ویب ڈیسک  ہفتہ 14 ستمبر 2024
گرفتار ملزمان سے تحقیقات جاری ہیں:فوٹو:فائل

گرفتار ملزمان سے تحقیقات جاری ہیں:فوٹو:فائل

 لاہور: اینٹی نارکوٹک فورس (اے این ایف) نے مختلف کارروائیوں میں 2 کروڑ روپے سے زائد کی منشیات برآمد کرلی۔

اے این ایف کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف کارروائیوں میں 2 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 28 کلو منشیات برآمد کرکے 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

پشاور میں یونیورسٹی کے قریب کار سوار ملزم سے 115 کلو چرس برآمد ہوئی جبکہ سہراب گوٹھ کراچی میں ملزم سے ایکسٹیسی کی 570 گولیاں برآمد کی گئیں۔ کوئٹہ میں بھی یونیورسٹی کے قریب موجود ملزم سے 4 کلو آئس برآمد ہوئی۔ گرفتار ملزمان نے تعلیمی اداروں میں منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا۔

اے این ایف کے مطابق قراقرم ہائی وے مانسہرہ پر گاڑی کی تلاشی کے دوران 3 کلو سے زائد منشیات برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ اسلام آباد میں مارگلہ روڈ پر موٹرسائیکل سوار کے بیگ سے 8 کلو سے زائد چرس برآمد ہوئی۔ڈی جی خان میں ٹانمی موڑ کے قریب ملزم سے 1 کلوگرام آئس برآمد کی گئی جبکہ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر کوریئر آفس میں بحرین بھیجے جانے والے پارسل سے 400 گرام آئس برآمد ہوئی۔

بلوچستان میں چاغی میں پاک افغان سرحد کے قریب غیر آباد علاقے میں چھپائی گئی 10.2 کلو گرام ہیروئن برآمد کرلی گئی۔ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔