کراچی کی صورتحال عوام میں نفرت کو جنم دے رہی ہے، چیمبر آف کامرس

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 14 ستمبر 2024
فوٹو:فائل

فوٹو:فائل

  کراچی: کے سی سی آئی نے شہر کی خستہ حال سڑکوں کو فوری بہتر بنانے کیلئے جنگی بنیادوں پر ٹھوس اقدامات کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ شہر کی صورتحال عوام میں نفرت کو جنم دے رہی ہے۔

کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر الطاف اے غفار کا کہنا ہے کہ شہریوں میں احساس محرومی مزید مسائل پیدا کرے گا جس سے امن و امان کی سنگین صورتحال بھی پیدا ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہر کی تقریباً تمام سڑکوں پر آئے روز مسلسل ٹریفک جام کی صورتحال کراچی والوں کے لیے ذہنی اذیت کا باعث بن چکی ہے، بارشوں کے بعد شہر کے کئی علاقے جنگ زدہ نظر آتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہری ایسا محسوس کرتے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے کے باوجود انہیں بنیادی سہولیات سے محروم رکھ کر سزا دی جارہی۔ یہ بات انتہائی تشویشناک ہے کہ پاکستان کا سب سے بڑا شہر قومی خزانے میں 65 فیصد اورصوبائی خزانے میں 95 فیصد حصہ ڈالنے کے باوجود محرومی کا شکار ہے اور اس شہر کو بروقت ملنے والی صرف ایک چیز محض لفظی تسلیاں ہیں۔

الطاف اے غفار نے کہا کہ کراچی کی سڑکوں پر سفر کرنا آج کل زندگی اور موت کا مسئلہ بن چکا ہے کیونکہ گھنٹوں ٹریفک جام میں پھنسے رہنے کے بعد مایوس مسافر عموماً ون وے قانون کی خلاف ورزی سمیت ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے لگتے ہیں جس کے نتیجے میں ٹریفک جام کی صورتحال مزید خراب ہونے کے علاوہ اکثر جان لیوا حادثات پیش آتے ہیں۔

انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ٹریفک جام کے سنگین مسئلے کو حل کرنے کے لیے فوری طور پر سڑکوں کی مرمت کا کام شروع کیا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔