خیبرپختونخوا میں گڈ گورننس، اصلاحات کے لیے وزیراعلیٰ پالیسی آفس کا افتتاح

ویب ڈیسک  ہفتہ 14 ستمبر 2024
وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ آفس تھنک ٹینک کے طرز پر کام کرے گا—فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ آفس تھنک ٹینک کے طرز پر کام کرے گا—فوٹو: فائل

 پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا (کے پی) علی امین گنڈا پور نے صوبے میں گڈ گورننس اور پالیسی اصلاحات کے لیے وزیراعلیٰ پالیسی آفس قائم کرتے ہوئے اس کا افتتاح کر دیا اور پالیسی آفس نے باقاعدہ کام شروع کر دیا ہے۔

خیبرپختونخوا میں گڈ گورننس اور پالیسی ریفارمز کے لیے وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں وزیراعلیٰ پالیسی دفتر قائم کیا گیا ہے، جس کا افتتاح وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کیا جو صوبے میں طرز حکمرانی کی بہتری اور پالیسی سازی کے لیے ایک تھنک ٹینک کے طور پر کام کرے گا۔

وزیراعلیٰ کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پالیسی آفس صوبے کے سماجی اور اقتصادی مسائل کے پائیدار حل کے لیے حقائق پر مبنی جدید انداز کے حل تجویز کرے گا، یہ آفس وزیراعلیٰ کے 99 نکاتی عوامی ایجنڈے پر من و عن عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے انتہائی مددگار ثابت ہوگا۔

بیان میں کہا گیا کہ یہ آفس وزیراعلیٰ کے جاری کردہ احکامات اور کابینہ کے فیصلو ں پر عمل درآمد پر پیش رفت کی کڑی نگرانی کرے گا، یہ آفس صحت، تعلیم، سماجی تحفظ، ماس ٹرانزٹ، موسمیات، زراعت اور روزگار کے مواقع جیسے ترجیحی شعبوں پر خصوصی توجہ مرکوز کرے گا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پالیسی آفس کا قیام صوبے میں پالیسی ریفارمز ایجنڈے پر عمل درآمد کے سلسلے میں ایک انقلابی اقدام ہے۔

انہوں نے کہا کہ پالیسی آفس مختلف شعبوں کے لیے پالیسی سازی کے علاوہ ان پالیسیوں پر مقررہ ٹائم لائینز کے مطابق عمل درآمد بھی یقینی بنائے گا، اس اقدام سے معنی خیز اصلاحات کے لیے سرکاری محکموں اور اکیڈیمیا کے درمیان مربوط روابط قائم ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ پالیسی آفس کے قیام سے صوبے میں طرز حکمرانی میں واضح بہتری آئے گی، پالیسی آفس سے سرکاری محکموں کے کام کے انداز میں جدت اور فیصلوں پر عمل درآمد میں بھی تیز ی آئے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔