پارلیمنٹ ہاؤس میں پی ٹی آئی کا ہنگامی اجلاس، سپریم کورٹ کے فیصلے پر مشاورت

ویب ڈیسک  ہفتہ 14 ستمبر 2024
اجلاس میں عمرایوب اور بیرسٹرگوہر کے علاوہ عامر ڈوگر بھی شریک ہوئے—فوٹو: فائل

اجلاس میں عمرایوب اور بیرسٹرگوہر کے علاوہ عامر ڈوگر بھی شریک ہوئے—فوٹو: فائل

  اسلام آباد: قومی اسمبلی میں اپوزیشن کی پارلیمانی پارٹی کا پارلیمنٹ ہاؤس میں ہنگامی اجلاس ہوا جہاں سپریم کورٹ کی جانب سے مخصوص نشستوں کے فیصلے حوالے سے جاری وضاحت پر مشاورت کی گئی۔

اپوزیشن کی پارلیمانی پارٹی کا غیر معمولی اجلاس قومی اسمبلی اجلاس کے بعد طلب کیا گیا، جس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی مرکزی قیادت بیرسٹر گوہر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان، شیر افضل مروت، عامر ڈوگر، اسد قیصر اور زین قریشی شریک ہوئے۔

اجلاس میں سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں کے فیصلے پر مشاورت کی گئی اور پی ٹی آئی نے کسی بھی ممکنہ قانون سازی پر اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا اور ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی قیادت نے اراکین اسمبلی کو آئینی ترمیم پر پارٹی پوزیشن سے بھی آگاہ کیا۔

پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی اجلاس کے بعد بیرسٹر گوہر علی خان نے اسد قیصرکے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کا آج کا فیصلہ حق اور سچ کی فتح ہے، سپریم کورٹ نے قرار دیا ہے کہ پی ٹی آئی کے سرٹفیکیٹ جمع کرانے والے ارکان کا نوٹیفکیشن جاری نہ کرنا فیصلے میں رکاوٹ ڈالنے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کے مجھے لکھے گئے خطوط کی روشنی میں مجھے چیئرمین قرار دیا اورمیرے چیئرمین نہ ہونے پر الیکشن کمیشن نے جان بوجھ کر بدنیتی سے جواز بنایا لیکن سپریم کورٹ نے اب بالکل ہر چیز واضح کردی ہے۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ اب پی ٹی آئی کو مخصوص نشستیں بھی ملیں گی، اب سینیٹ کے خیبر پختونخواہ کے الیکشن بھی ہوں گے اورپی ٹی آئی اب پارلیمنٹ میں سب سے بڑی پارٹی بنے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔