پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس دوبارہ طلب بلاول اور فضل الرحمان شریک ہونگے

اجلاس چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ہدایت پر بلایا گیا ہے


ویب ڈیسک September 15, 2024
فوٹو، فائل

قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس دوبارہ طلب کر لیا گیا ہے جس میں بلاول بھٹو زرداری اور مولانا فضل الرحمان بھی شریک ہوں گے۔

خصوصی کمیٹی اجلاس چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ہدایت پر بلایا گیا ہے۔

قبل ازیں، پیپلز پارٹی کے سید خورشید شاہ کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا جس میں آئینی ترامیم کے معاملے پر غور کیا گیا۔

خصوصی کمیٹی میں عدالتی اصلاحات سمیت دیگر آئینی ترمیم سے متعلق تجاویز پر غور کیا گیا جبکہ پارلیمان کا نظام اور تقدس کی بحالی پر مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کی گئی۔

اسپیشل کمیٹی میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب اور بیرسٹر گوہر بھی شریک تھے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے آئینی ترامیم کمیٹی کے سامنے رکھی گئی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف چاہتی ہے کہ آئینی ترامیم اتفاق رائے سے پاس ہو، حکومت اگر ہماری ترامیم منظور کر لیں تو اتفاق رائے پیدا ہو سکتا ہے۔

خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں تاخیر کے باعث قومی اسمبلی کا اجلاس اب تک شروع نہیں ہو سکا۔ کمیٹی نے اپنی آج صبح ہونے والی میٹنگ کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی سے درخواست کی تھی کہ چند اہم امور پر فیصلوں کے لیے وقت درکار ہے۔

خصوصی کمیٹی کی سفارش پر قومی اسمبلی کے اجلاس کا وقت تبدیل کرکے صبح 11:30 کے بجائے سہ پہر 4 بجے رکھا گیا تھا۔

دوسری جانب، سینیٹ کا اجلاس آج چار بجے کے بجائے اب شام 7 بجے ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں