سیاسی و آئینی معاملات پر پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کیلئے سینیٹ کے 13 ارکان نامزد

ویب ڈیسک  اتوار 15 ستمبر 2024
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

  اسلام آباد: چئیرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے پارلیمنٹ ، پارلیمینٹیرینز اور آئینی مسائل کا تجزیہ و سفارشات اور حل  کے لیے تشکیل دی گئی خصوصی کمیٹی کے لیے حکومتی اور اپوزیشن بینچوں سے 13 سینیٹرز کو نامزد کردیا۔

سینیٹ سیکریٹریٹ سے جاری اعلامیے کے مطابق چئیرمین سینیٹ نے اسپیکر کی جانب سے تشکیل دی گئی خصوصی کمیٹی کے لیے 13 سینیٹرز نامزد کردیے ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اسپیکر نے پارلیمنٹ، پارلیمنٹیرینز اور آئین سمیت دیگر مسائل سے متعلق معاملات کا تجزیہ کرنے اور تجاویز پیش کرنے کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دی ہے۔

سینیٹ سے خصوصی کمیٹی کے لیے نامزد 13 سینیٹرز میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شبلی فراز، پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کی پارلیمانی لیڈر شیری رحمان، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر عرفان صدیقی، پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر علی ظفر، بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے پارلیمانی لیڈر منظور احمد، جمعیت علمائے اسلام کے پارلیمانی لیڈر عطا الرحمان، عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے پارلیمانی لیڈر ایمل ولی خان، متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے پارلیمانی لیڈر فیصل سبزواری، بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے پارلیمانی لیڈر محمد قاسم، مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کے  پارلیمانی لیڈر ناصر عباس، نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر جان محمد، مسلم لیگ (ق) کے پارلیمانی لیڈر کامل علی آغا اور سنی اتحاد کونسل (ایس آئی سی) کے پارلیمانی لیڈر حامد خان شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔