جمہوریت اور آئین کی بالادستی کی بات کرنیوالے پارلیمنٹ کو بے توقیر کر رہے ہیں، حافظ نعیم

نمائندگان ایکسپریس  پير 16 ستمبر 2024
 (فوٹو: فائل)

(فوٹو: فائل)

لاہور / سیالکوٹ: جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ جمہوریت اور آئین کی بالادستی کی بات کرنے والے پارلیمنٹ کو بے توقیر کررہے ہیں،ایوان میں اکثریت عوامی رائے سے نہیں طاقت، دولت اور اسٹبلشمنٹ کے آلہ کار بن کر آنے والوں کی ہے۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ عوامی مطالبات منوانے کیلیے ملک بھر میں 3 دن پہیہ جام ہڑتال کریں گے۔انھوں نے سیالکوٹ میں رکنیت سازی کیمپ کے افتتاح کے موقع پر خطاب میں کہا حکمرانوں کا مسئلہ مرضی کے ججوں،جرنیلوں کی مدت ملازمت میں توسیع کرانا ہے۔

 

اسلام آباد میں منڈیاں لگا کر توسیع لینا روایت بن چکی، جماعت اسلامی نے باجوہ کو ایکسٹینشن نہیں دی۔اس طبقے کے خلاف متحد اور منظم ہو کر جدوجہد کی ضرورت ہے، ملک کو امن،جمہوری آزادی،سستی بجلی اور مضبوط معیشت کی ضرورت ہے۔

دفاعی بجٹ سے زیادہ آئی پیز پر خرچ ہو رہا ہے،حکمران شاہ خرچیاں بڑھا رہے ہیں،جاگیرداروں پر ٹیکس نہیں لگاتے اور اپنی مراعات کم نہیں کرتے۔معاہدہ راولپنڈی کی مدت ختم ہونے کو ہے ،اگلے لائحہ عمل کا جلد اعلان کروں گا۔

تاجروں،کسانوں،طلبہ،نوجوان اور ماؤں،بہنوں سے کہتا ہوں جماعت اسلامی کے رکن بنیں اور ظالم اشرافیہ سے ملک آزاد کرانے میں ہمارا ساتھ دیں۔ نائب امیر جماعتِ اسلامی لیاقت بلوچ نے امیر جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات کی ۔اس موقع پربدنیتی پر مبنی قانون سازی،دھرنا کے بعد معاہدہ ،بلوچستان، خیبرپختونخوا میں دہشت گردی اور حکومتی غلط اقدامات سے ابتر صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔