بلوچستان کے وزیر بلدیات سرفراز چاکر ڈومکی انتقال کرگئے
سردار سرفراز ڈومکی کا تعلق پیپلز پارٹی سے تھا جو پی بی 8 سبی سے کامیاب ہوئے تھے
بلوچستان کے صوبائی وزیر بلدیات سردار سرفراز خان ڈومکی طویل علالت کے باعث کراچی میں انتقال کر گئے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق سردار سرفراز چاکر ڈومکی گزشتہ کئی عرصے سے علیل تھے جو کراچی کے نجی اسپتال میں دوران علاج چل بسے۔
وزیر بلدیات کے انتقال پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ سردار سرفراز چاکر خان ڈومکی ایک زیرک اور معتبر سیاست دان اور قبائلی شخصیت تھے، مرحوم نے بلوچستان کے سیاسی اور قبائلی نظام میں ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سردار سرفراز چاکر خان ڈومکی موجودہ بلوچستان کابینہ کے متحرک رکن تھے، ان کی رحلت سے گہرا صدمہ پہنچا جبکہ غم اور دکھ کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سرفراز چاکر ڈومکی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کے لیے سردار سرفراز چاکر ڈومکی کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر عطا کرے۔
واضح رہے کہ سردار سرفراز ڈومکی کا تعلق پیپلز پارٹی سے تھا جو پی بی 8 سبی سے کامیاب ہوئے تھے۔