اسرائیل میں بارڈر سیکیورٹی فورس کے افسر پر چاقو بردار شخص کا حملہ

ویب ڈیسک  پير 16 ستمبر 2024
اسرائیل میں چاقو بردار شخص کے حملے میں بارڈر سیکیورٹی فورس کا اہلکار زخمی ہوگیا

اسرائیل میں چاقو بردار شخص کے حملے میں بارڈر سیکیورٹی فورس کا اہلکار زخمی ہوگیا

تل ابیب: اسرائیل میں بارڈر سیکیورٹی فورس کے اہلکار کو چاقو مار کر زخمی کردیا گیا جب کہ جوابی فائرنگ میں حملہ آور کو قتل کردیا گیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ واقعہ یروشلم کے قدیم شہر کی فصیلوں کے مرکزی داخلی راستے پر پیش آیا جب ایک اسرائیلی سرحدی پولیس کے افسر پر چاقو سے حملہ کیا گیا۔

20 سالہ زخمی افسر کو ساتھی اہلکار قریبی اسپتال لے کر گئے جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جاری ہے جب کہ ساتھی اہلکاروں نے حملہ آور کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

تاحال حملہ آور کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔ اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ شناختی عمل جاری ہے۔

یاد رہے کہ غزہ پر اسرائیلی حملوں کے بعد سے اسرائیل میں فوجی اہلکاروں پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔

دنیا کے دیگر ممالک میں بھی اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کے ردعمل میں اسرائیلی سفارت اور قونصل خانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

اسرائیلی فوج کی جارحیت اور وحشیانہ بمباری میں خواتین اور بچوں کی شہادتوں پر دنیا بھر کی جامعات میں احتجاج جاری ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔