سرگودھا میں فالکن کے غیرقانونی شکار میں مصروف آٹھ شکاری گرفتار

آصف محمود  پير 16 ستمبر 2024
فوٹو- فائل

فوٹو- فائل

 لاہور: اسپیشل وائلڈ لائف اسکواڈ پنجاب نے سرگودھا ریجن میں تین بڑی کارروائیوں کے دوران نور پورتھل کے مقام پر فالکن کے غیر قانونی شکار میں مصروف تین پارٹیوں کے 8 شکاریوں کو گرفتار کر کے آلات شکار اپنی تحویل میں لے لیے۔

تفصیلات کے مطابق اسپیشل وائلڈ لائف اسکواڈ پنجاب نے تحصیل نور پور ضلع خوشاب میں تین مختلف کارروائیوں کے دوران فالکن کے غیر قانونی شکا ر میں مشغول تین پارٹیوں کے 8 شکاریوں کو گرفتا ر کرکے ان کے قبضہ سے آلات شکار دوگزے جال، پھندے، بیت برڈز کیسٹرل اور بٹیرز وغیرہ برآمد کر لیے اور تمام ملزمان کا وائلڈ لائف ایکٹ کی خلاف ورزی پر چالان کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔

دوسری طرف ڈی جی وائلڈ لائف مدثر ریاض ملک نے فالکن کے غیر قانونی شکار میں ملوث ذمہ دار افسران و ملازمیں کے خلاف کارروائی کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان غیر قانونی اور نا جائز کارروائیوں میں ملوث افسران و ملازمین کے خلاف انکوائری کی جائیگی اور ذمہ دار افسران و ملازمین کی نشاندہی کے بعد کیس محکمہ انٹی کرپشن کو بھیجا جائے گا۔

اُنہوں نے افسران کو فیلڈ میں موثر نگرانی کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ فالکن کا شکار کرنے والے ہر صورت گرفت میں لیے جائیں گے اور سرگودھا ڈویژن سمیت پنجاب بھر میں فالکن کے شکار پر خصوصی نظر رکھی جا رہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔