ایشین ہاکی چیمپیئنز ٹرافی میں بہترین کارکردگی، کھلاڑیوں کیلیے فی 100 ڈالر انعام کا اعلان

خبر نگار  منگل 17 ستمبر 2024
فوٹو : فیس بک

فوٹو : فیس بک

 لاہور: پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر میر طارق حسین بگٹی نے ایشیئن چیمپیئنز ٹرافی میں بہترین کارکردگی کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کرنے پر ٹیم آفیشل اور کھلاڑیوں کو 100، 100 ڈالر کیش پرائز دینے کا اعلان کر دیا۔

ایونٹ کے دوران زخمی ہونے والے قومی ٹیم کے کھلاڑی ابوبکر محمود کے لیے پی ایچ ایف کی جانب سے تمام سہولتوں کے ساتھ علاج کرانے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

انہوں نے کھلاڑیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ٹیم کا کھلاڑی غضنفر علی جن کے والد گزشتہ دو دن قبل رضائے الٰہی سے انتقال کر گئے تھے، انہوں نے پاکستان کی خاطر ٹیم کے ساتھ کھیلنے کا فیصلہ کیا۔ تمام کھلاڑیوں نے بشمول ہمارے ہیرو آف دی میچ محمد سفیان خان نے اپنا میڈل اور جیت غضنفر علی کے نام کی۔

مزید پڑھیں؛ پاکستان نے 8سال بعد ایشین ہاکی چیمپیئنز ٹرافی میں کانسی کا تمغہ حاصل کرلیا

میر طارق حسین بگٹی نے کہا کہ یہ ایک ایسا جذبہ ہے جو قابل دید بھی ہے، ہم سب مل کر اسی جذبے کے ساتھ کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود اور مستقبل میں بہترین انداز میں ملک و قوم کا نام اونچا کرنے کا عزم کرتے ہیں۔ ہم امید کرتے ہیں حکومت سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز قومی کھیل کی ترقی و ترویج میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ساتھ ملکر کام کرتے رہیں گے۔

مزید پڑھیں: ایشین چیمپیئنز ٹرافی ہاکی؛ چین پاکستان کو شکست دیکر فائنل میں پہنچ گیا

صدر پی ایچ ایف نے کہا کہ مجموعی طور پر ایونٹ میں کھلاڑیوں نے بھارت سمیت تمام ٹیموں کیساتھ بھرپور انداز میں مقابلہ کیا جو کہ قابل ستائش ہے۔ ہم سب کو چاہیے کہ براؤنز میڈل حاصل کرنے پر ٹیم کی حوصلہ افزائی کریں تاکہ مستقبل میں ہماری ٹیم اس سے بہتر کھیل کا مظاہرہ کرسکے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔