پی ٹی آئی کی عدلیہ مخالف تقاریرکیخلاف اور جلسہ رکوانے کیلئے درخواست دائر

ویب ڈیسک  بدھ 18 ستمبر 2024
پی ٹی آئی کے جلسے میں عدلیہ مخالف تقاریرہوسکتی ہیں، درخواست گزار:فوٹو:فائل

پی ٹی آئی کے جلسے میں عدلیہ مخالف تقاریرہوسکتی ہیں، درخواست گزار:فوٹو:فائل

 لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی عدلیہ مخالف تقاریر اور جلسہ رکوانے کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائرکردی گئی۔

لاہور ہائی کورٹ میں شہری مرزا واحد رفیق کی جانب سے  دائر درخواست میں حکومت پنجاب سمیت دیگر کوفریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کی قیادت سیکورٹی خدشات کے تحت عدالت سے رجوع کرتی رہی ہے۔ پی ٹی آئی اپنےموقف سے ہٹ کر لاہور میں جلسہ کرنے جا رہی ہے۔ پی ٹی آئی کے 8 ستمبر کے جلسے میں حکومت اور عدلیہ کے خلاف زبان استعمال کی گئی۔

درخواست کے مطابق پی ٹی آئی انتظامیہ کی منظوری کے بغیر جلسہ کرنا چاہ رہی ہے۔ جلسے میں عدلیہ مخالف تقاریر ہوسکتی ہیں۔ پی ٹی آئی آئین میں دی گئی رعایت کا غلط استعمال کررہی ہے۔ عدالت سے استدعا ہے کہ پی ٹی آئی کو عدلیہ مخالف تقاریر سے روکنے اور انتظامیہ کی اجازت کے بغیر جلسہ کرنے سے روکنے کا حکم دے۔ بغیراجازت جلسہ کرنے پر پی ٹی آئی کے خلاف سخت کارروائی کا بھی حکم دیا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔